بھارتی شہر ممبئی میں انتہا پسند حکومت کی جانب سے بذریعہ لاؤڈ اسپیکر اذان دینے پر عائد پابندی کے بعد ممبئی کی مساجد ڈیجیٹلائز ہو گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر عائد پابندی کے جواب میں چھ مساجد نے ایک نئی موبائل ایپ، ’آن لائن اذان‘ کا رخ کرلیا ہے، تاکہ نمازیوں تک بروقت اذان پہنچائی جاسکے۔
تامل ناڈو کی ایک فرم نے اس ایپ کو ڈیزائن کیا ہے، جس پر مفت میں رجسٹرڈ مساجد سے براہ راست اذان کی آڈیو کو اسٹریم کیا جاتا ہے۔
اس ایپلی کیشن کے ذریعے مسلمان گھر پر یا کسی بھی پُرسکون ماحول میں اذان سن سکتے ہیں، خاص طور پر رمضان کے دوران جب لاؤڈ اسپیکر کی آواز پر پابندیوں کا سامنا ہو۔
واضح رہے کہ ممبئی میں مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکرز ہٹا دیے گئے ہیں، اب صرف مذہبی تہواروں کے دوران لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال کی عارضی اجازت دی جائے گی۔
یہ کارروائی رواں سال جنوری میں بمبئی ہائی کورٹ کے حکم پر کی گئی ہے۔
ممبئی ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا تھا کہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو کسی بھی مذہب کا لازمی حصہ نہیں سمجھا جاتا، عدالت نے یہ حکم نامہ 2 ہاؤسنگ ایسوسی ایشنز کی درخواست پر جاری کیا تھا۔
ہاؤسنگ ایسوسی ایشنز نے علاقے میں موجود مساجد میں لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی ،اس درخواست میں یہ مؤقف اپنایا گیا تھا کہ اذان سمیت دیگر مذہبی مقاصد کے لیے لاؤڈ اسپیکرز کا استعمال شور کا باعث بنتا ہے۔
ممبئی پولیس نے دعویٰ کیا کہ “اب ممبئی شور سے پاک ہو چکا ہے ، مودی سرکار کا مسلمانوں پہ یہ نیا واربھارت کےمسلمانوں کی مذہبی پہچان مٹانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔