مشرق وسطیٰ صورتحال :عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، معاشی منظرنامہ بدل گیا

مشرق وسطیٰ صورتحال :عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، معاشی منظرنامہ بدل گیا

عالمی منڈی میں خلیجی سپلائی کی بحالی اور طلب میں کمی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں شدید گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے پرانے خدشات دم توڑ گئے ہیں۔

عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں مندی کا رجحان شدت اختیار کر گیا ہے ، برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3.5 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 92.44 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔ اسی طرح امریکی خام تیل (WTI) کے دام بھی 3.2 فیصد کمی کے ساتھ 85.72 ڈالر فی بیرل پر آ گئے۔ 

دونوں اہم بینچ مارک آئل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی گراوٹ دیکھی گئی ہے، جو اس بات کا غماز ہے کہ منڈی کا مزاج تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔

سپلائی میں اضافہ اور رسد کے نئے تخمینے

قیمتوں میں اس اچانک اور مسلسل کمی کے پیچھے رسد اور طلب کا توازن ایک بار پھر کارفرما ہے ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور انرجی ایجنسیوں کے تازہ ترین اعداد و شمار اس امر کی تصدیق کرتے ہیں کہ مارکیٹ میں تیل کی دستیابی طلب کے مقابلے میں بڑھ چکی ہے۔

جے پی مورگن کے اعداد و شمار

 بینک کے تخمینے کے مطابق، عالمی سطح پر تیل کی رسد ستمبر میں طلب سے یومیہ 11 لاکھ بیرل اور اکتوبر میں 14 لاکھ بیرل زائد رہی۔

انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (IEA) کی پیش گوئی: IEA کے مطابق، رواں سہ ماہی میں بھی عالمی سطح پر تیل کی سپلائی طلب سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس سے مارکیٹ پر مسلسل دباؤ برقرار ہے۔

مستقبل کے امکانات 

معروف عالمی بینکنگ اور سرمایہ کاری کے اداروں نے آئندہ برسوں کے لیے تیل کی قیمتوں کے حوالے سے نئی پیش گوئیاں جاری کی ہیں ، گولڈمین سیکس کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پیداوار مکمل طور پر بحال ہونے اور بلند قیمتوں کے باعث توانائی کی مجموعی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔ 

اس صورتحال کے پیش نظر، ادارے نے سال 2027 میں عالمی منڈی میں یومیہ 20 لاکھ بیرل اضافی تیل کی رسد متوقع کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں :خام تیل کی قیمتوں میں کمی، سپلائی میں اضافے کی توقع  نے عالمی مارکیٹ میں ہلچل مچا دی

گولڈمین سیکس نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ برس برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت 88 ڈالر فی بیرل رہے گی، جبکہ سال کے اختتام تک یہ گر کر 78 ڈالر فی بیرل کی سطح تک آ سکتی ہے۔

معاشی اثرات اور بدلتا ہوا تناظر

کچھ عرصہ قبل تک جو خدشات اور جغرافیائی سیاسی صورتحال  تیل کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا رہے تھے، اب وہ بتدریج ختم ہو رہے ہیں ، آبنائے ہرمز اور دیگر اہم خلیجی راستوں سے برآمدات کی تیز رفتار بحالی نے منڈی کے کھلاڑیوں کو پرسکون کر دیا ہے۔ 

ماہرین کا ماننا ہے کہ تیل کے نرخوں میں یہ کمی ایک طرف جہاں مہنگائی کے ستائے ہوئے صارفین اور درمیانے درجے کی معیشتوں کے لیے ریلیف کا باعث بنے گی، وہیں دوسری طرف بڑی تیل پیدا کرنے والی معیشتوں اور توانائی کے شعبے کے سرمایہ کاروں کے لیے نئی حکمت عملی اپنانے کا تقاضا بھی کر رہی ہے۔

editor

Related Articles