سوشل میڈیا صارفین کی پرائیویسی سے متعلق ایک اہم معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں اٹلی نے فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے میٹا پر 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (870 ملین ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے صارفین کی اجازت اور مناسب آگاہی کے بغیر ان کے موبائل فونز میں محفوظ نجی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کی۔
معاملہ فیس بک کی اینڈرائیڈ ایپ میں موجود ایک ایسے فیچر سے متعلق ہے جو صارفین کو ان کے موبائل فون میں محفوظ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی تجاویز دیتا تھا۔
تاہم اٹلی کے حکام کے مطابق صارفین کو واضح طور پر یہ نہیں بتایا گیا کہ اس فیچر کے ذریعے ان کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔اطالوی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے میٹا کو دو ماہ کی مہلت دیتے ہوئے متنازع فیچر کو خودکار طور پر بند کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مستقبل میں اس فیچر کو استعمال کرنے سے پہلے ہر صارف سے واضح اجازت لینا ضروری ہوگا۔ اتھارٹی کے مطابق میٹا کے اس متنازع فیچر سے 2 کروڑ سے زائد صارفین متاثر ہوئے ہیں۔