امریکا میں فضائی نظام میں بڑے تعطل کے بعد اب بینکاری نظام میں بھی اچانک تکنیکی خرابی سامنے آگئی ہے۔ ملک کے بڑے بینکوں کی آن لائن سروسز متاثر ہونے سے ہزاروں صارفین اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکلات کا شکار ہوگئے، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پیر کی دوپہر صارفین نے مختلف بینکوں کی آن لائن سروسز میں خرابی کی شکایات درج کرانا شروع کردیں۔ متاثرہ اداروں میں جے پی مورگن چیس، بینک آف امریکا، ویلز فارگو اور یو ایس بینک سمیت متعدد مالیاتی ادارے شامل ہیں۔
آن لائن سروسز کی بندش یا تعطل کے باعث صارفین کو اپنے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض صارفین کو بینکنگ پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہوئے ایرر میسیجز موصول ہوئے، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے پلیٹ فارم زیل کے ذریعے رقوم کی منتقلی بھی متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
سروسز میں خرابی کی نشاندہی کرنے والے پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر چیس بینک، ویلز فارگو، یو ایس بینک اور زیل سے متعلق شکایات رپورٹ ہوئیں۔ تاہم بعض بینکوں اور زیل کی جانب سے اپنے نظام کو معمول کے مطابق فعال قرار دیا گیا۔
چیس بینک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے اندرونی ہارڈویئر سسٹمز میں سافٹ ویئر کی خرابی پیدا ہوئی ہے، جس کے باعث بعض بینکاری خدمات متاثر ہوسکتی ہیں۔
بینک کے مطابق اس تکنیکی مسئلے کے اثرات دوسرے مالیاتی اداروں تک بھی پہنچنے کا امکان ہے۔ بعض مالیاتی لین دین معمول سے زیادہ وقت لے رہے ہیں، تاہم بینک نے واضح کیا کہ صارفین اپنے اکاؤنٹس اور رقوم تک رسائی برقرار رکھ سکتے ہیں۔
چیس بینک نے خرابی کو عارضی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے دور کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ بینک نے سائبر حملے کے امکان کی بھی تردید کی ہے۔
دوسری جانب یو ایس بینک نے وضاحت کی کہ اس کے اپنے نظام براہ راست متاثر نہیں ہوئے، تاہم زیل کے ذریعے دوسرے بینکوں میں رقوم منتقل کرنے والے صارفین کو تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔
پرانے ڈیجیٹل نظام پر بڑھتا دباؤ
نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر مینجمنٹ کمپنی نیٹ باکس لیبز کے چیف ایگزیکٹو کرس بیورز نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تکنیکی خرابیوں کے پیچھے لازمی طور پر کسی سازش کا عنصر نہیں ہوتا بلکہ پرانے ٹیکنالوجی نظام اور تیزی سے کی جانے والی تبدیلیاں بھی ان مسائل کی بنیادی وجوہات بن سکتی ہیں۔
ان کے مطابق دنیا کے کئی اہم ڈیجیٹل نیٹ ورکس 30 سے 40 سال پرانے ہیں۔ ان نظاموں میں کئی دہائیوں کے دوران تکنیکی پیچیدگیاں جمع ہوچکی ہیں، لیکن انہیں جدید تقاضوں کے مطابق تیزی سے تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
کرس بیورز نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے بڑھتے استعمال سے بھی پرانے ڈیجیٹل نیٹ ورکس پر دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے ساتھ سائبر سیکیورٹی کے خطرات کے باعث سافٹ ویئر اپ ڈیٹس اور نظام میں تبدیلیوں کی رفتار بھی تیز کرنا پڑ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں ہر نئی تبدیلی کے ساتھ تکنیکی خرابی پیدا ہونے کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے۔ اس لیے جدید ٹیکنالوجی کی طرف منتقلی کے دوران پرانے نظاموں کی استعداد اور سیکیورٹی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
مزید بڑے تعطل کا خدشہ
نیٹ باکس لیبز کے چیف ایگزیکٹو نے خبردار کیا کہ بینکاری، فضائی سفر، توانائی اور دیگر بنیادی شعبوں میں استعمال ہونے والے پرانے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث آنے والے مہینوں میں مزید بڑے تکنیکی تعطل سامنے آسکتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ابتدائی شکایات کے بعد ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر صارفین کی جانب سے رپورٹ ہونے والے مسائل کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم بینکنگ سروسز میں تعطل کی مکمل وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہوسکا۔
اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر جدید مالیاتی نظام کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر انحصار اور پرانے تکنیکی نظاموں کو جدید بنانے کے چیلنجز کو نمایاں کردیا ہے۔
