ایران امریکا کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو علاقائی سطح پر اہم پذیرائی مل گئی، اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے اسلام آباد امن مذاکرات اور مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دے دیا۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے 30ویں وزارتی اجلاس کے اختتام پر جاری اسلام آباد اعلامیے میں رکن ممالک نے علاقائی امن، معاشی ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے میں ایران جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کی حمایت کی گئی جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کا عمل جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
رکن ممالک نے اسلام آباد امن مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا۔ اعلامیے میں پاکستان کے ثالثی کردار اور علاقائی امن کیلئے سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔
ای سی او رکن ممالک نے پاکستان کی جانب سے 2026 اور 2027 کیلئے تنظیم کی صدارت سنبھالنے کا خیرمقدم کیا۔ اس کے علاوہ اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
اجلاس میں رکن ممالک نے تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی اور ڈیجیٹل رابطوں کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے مشترکہ تجارتی زونز کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
افغانستان کی ای سی او سرگرمیوں میں شرکت کے معاملے پر رکن ممالک مشاورت جاری رکھیں گے۔
اعلامیے میں غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری امداد کی فراہمی پر زور دیا گیا۔ رکن ممالک نے غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور جبری بے دخلی کی پالیسی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اجلاس میں یکطرفہ پابندیوں اور معاشی دباؤ کو مسترد کیا گیا جبکہ لاہور کو 2027 اور مری کو 2028 کیلئے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت قرار دیا گیا۔
رکن ممالک نے میڈیا کے شعبے میں تعاون بڑھانے، درست معلومات کی فراہمی اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔