امریکی ریاست الاسکا کے آسمان پر ایک عجیب و غریب اڑتی ہوئی چیز نے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ اس پراسرار شے کی شکل جیلی فش جیسی دکھائی دیتی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ غیر معمولی منظر 15 جون 2026 کو الاسکا کے شہر اینکریج میں دیکھا گیا۔
میڈیارپورٹ کے مطابق سارہ جین اوسبرن نامی خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ قوس قزح کی تصاویر بنا رہی تھیں کہ اچانک ان کی نظر آسمان پر موجود ایک عجیب چیز پر پڑی۔ ویڈیو میں نظر آنے والی اس شے کا رنگ سیاہ اور چاندی جیسا دکھائی دیتا ہے، جبکہ اس کی ساخت کسی جیلی فش سے مشابہت رکھتی ہے۔
سارہ جین اوسبرن کے مطابق یہ چیز درختوں کے اوپر فضا میں تیرتی ہوئی دکھائی دی اور تقریباً 3 منٹ تک دائیں بائیں حرکت کرتی رہی۔ اس کے بعد اچانک نظروں سے غائب ہوگئی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ انہوں نے اور ان کے شوہر نے اس چیز کی حقیقت جاننے کی کوشش کی، لیکن وہ یہ سمجھنے میں ناکام رہے کہ آخر آسمان پر نظر آنے والی یہ چیز کیا تھی۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ کچھ لوگ اسے کسی غیر معمولی فضائی شے سے جوڑ رہے ہیں، جبکہ اس کی اصل حقیقت تاحال سامنے نہیں آسکی۔
میڈیا رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ یہ پراسرار چیز امریکی فوجی اڈے جوائنٹ بیس ایلمینڈورف رچرڈسن کے قریب دیکھی گئی تھی۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں امریکی فضائیہ کے جدید F22 ریپٹر جنگی طیارے بھی موجود ہیں۔ تاہم ابھی تک اس پراسرار شے کی شناخت یا اس کے اڑنے کی وجہ کے بارے میں کوئی مصدقہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔