ٹیکنالوجی کی معروف امریکی کمپنی ایپل کو ایک اہم انتظامی تبدیلی کا سامنا ہے۔ آئی فون کے کیمرہ اور فوٹو سافٹ ویئر کے ذمہ دار نائب صدر جون میک کارمیک نے 8 سال سے زائد عرصہ کمپنی میں خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق جون میک کارمیک اکتوبر کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔ وہ آئی فون کیمرہ اور فوٹوز ایپس سمیت ان ٹیکنالوجیز کی نگرانی کرتے تھے جن کی مدد سے صارفین تصاویر اور ویڈیوز بناتے، دیکھتے اور ان میں ترمیم کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپل نے تاحال ان کے عہدے پر کسی نئے نائب صدر کا اعلان نہیں کیا۔ ان کے سابق نائبین اب دیگر اعلیٰ افسران کی نگرانی میں ان کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔ کمپنی کے ترجمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
آئی فون کیمرہ ایپل کی نمایاں خصوصیات میں شمار ہوتا ہے اور کمپنی نئے ماڈلز میں کیمرہ اور ویڈیو کی بہتری کو صارفین کو اپ گریڈ کی جانب راغب کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔
جدید اسمارٹ فون فوٹوگرافی میں صرف کیمرہ لینز اور سینسر ہی اہم نہیں ہوتے بلکہ امیج پروسیسنگ اور مشین لرننگ ٹیکنالوجی بھی تصاویر کے معیار میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
جون میک کارمیک کے کام میں آئی فون 17 سیریز کے نئے سیلفی کیمرے کی تیاری بھی شامل تھی۔ رواں سال ایپل نے آئی فون 18 پرو سیریز میں متغیر اپرچر کیمرہ متعارف کرایا، جبکہ کیمرہ ایپ میں پروفیشنل کنٹرولز اور حسب ضرورت سیٹنگز بھی شامل کیں۔
ایپل میں شمولیت سے قبل جون میک کارمیک ایچ پی کے کمپیوٹر بزنس کے سافٹ ویئر شعبے کی قیادت کرچکے تھے۔ وہ ایمیزون کے ڈیوائسز گروپ میں چیف ٹیکنالوجی آفیسر بھی رہ چکے ہیں۔
جون میک کارمیک مصنوعی ذہانت کے ذریعے تصاویر تخلیق کرنے یا ان کی اصل شکل تبدیل کرنے کے حوالے سے محتاط مؤقف رکھتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ تصویر میں ایسے لمحات محفوظ ہونے چاہئیں جو حقیقت میں پیش آئے ہوں۔
انہوں نے رواں سال وائرڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ تصویر کسی حقیقی واقعے کی عکاسی کرتی ہے اور ایپل کے لیے ایسے ٹولز بنانا اہم ہے جو اس لمحے کی اصل حقیقت کو برقرار رکھیں۔
یہ مؤقف گوگل اور سام سنگ جیسی کمپنیوں کی پالیسی سے مختلف تھا، جو اپنی ڈیوائسز میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے تصاویر میں بڑی تبدیلیاں کرنے والے فیچرز متعارف کرا رہی ہیں۔
تاہم رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ جون میک کارمیک کی ریٹائرمنٹ کا ایپل کی مصنوعی ذہانت سے متعلق حکمت عملی پر کسی اختلاف سے تعلق نہیں تھا۔
ایپل میں انتظامی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری
جون میک کارمیک ایپل کے سینئر نائب صدر برائے سافٹ ویئر انجینئرنگ کریگ فیڈریگی کو رپورٹ کرتے تھے۔ ان کی روانگی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایپل پر مصنوعی ذہانت کے نئے فیچرز تیزی سے متعارف کرانے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔
وہ رواں موسم خزاں میں کمپنی چھوڑنے والے اہم نائب صدور میں شامل ہیں۔ اس سے قبل ایپل پے اور والیٹ کی طویل عرصے تک سربراہ رہنے والی جینیفر بیلی بھی کمپنی سے الگ ہوچکی ہیں۔
ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر جان ٹرنَس بھی کمپنی کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں کر رہے ہیں، جن کا مقصد ادارے کو زیادہ تیز رفتار اور مؤثر بنانا ہے۔