غربت بھی نہیں، ماحولیاتی تباہی بھی نہیں، شہباز شریف نے دنیا کو ترقی کا نیا ماڈل بتا دیا

غربت بھی نہیں، ماحولیاتی تباہی بھی نہیں، شہباز شریف نے دنیا کو ترقی کا نیا ماڈل بتا دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے صاف توانائی کی طرف منتقلی کا بوجھ غریب عوام اور ترقی پذیر معیشتوں پر نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ ساتھ ساتھ آگے بڑھنے چاہئیں۔

وزیراعظم نے یہ بات اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کا موضوع 2035 تک گرین انرجی کی جانب منتقلی اور مستقبل کو توانائی فراہم کرنا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان صاف اور پائیدار توانائی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں تبدیلی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا توانائی منتقلی کا لائحہ عمل بھی پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو اپنے توانائی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے عالمی مالی معاونت اور جدید ٹیکنالوجی تک سستی رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔

پاکستان میں صاف توانائی کا حصہ 55 فیصد

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کے مجموعی توانائی نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ جدید منصوبہ قومی گرڈ میں 1200 میگاواٹ صاف بجلی شامل کرے گا۔

انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کا تناسب 30 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لیے کم ٹیرف اور دیگر مراعات فراہم کی جائیں گی۔ حکومت مستقبل میں اپنی ضروریات کے لیے الیکٹرک بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدنے کو ترجیح دے گی۔

 یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف آج ترکیہ روانہ ہوں گے، ترک قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع

شہباز شریف کے مطابق پاکستان میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھی نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ رواں سال فروخت ہونے والی ہر دس موٹر سائیکلوں میں سے ایک سے زیادہ الیکٹرک موٹر سائیکلیں ہیں۔

صاف توانائی کے لیے 188 ارب ڈالر درکار

وزیراعظم نے واضح کیا کہ گرین انرجی کی جانب پیشرفت کے باوجود پاکستان کو اپنے طویل المدتی اہداف حاصل کرنے کے لیے بڑے مالی وسائل درکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2035 تک کم کاربن اخراج والے بجلی منصوبوں کے لیے پاکستان کو تقریباً 138 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔ جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کی جگہ شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مزید 50 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

ان کے مطابق مجموعی طور پر یہ ضروریات تقریباً 188 ارب ڈالر بنتی ہیں۔ اتنے بڑے مالی تقاضے پورے کرنا بھاری قرضوں میں جکڑی ترقی پذیر معیشتوں کے لیے تنہا ممکن نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنانے، توانائی ذخیرہ کرنے کی جدید سہولتیں قائم کرنے اور نئی ٹیکنالوجی کو عام کرنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔

عالمی برادری سے سستے قرضوں اور ٹیکنالوجی کا مطالبہ

شہباز شریف نے عالمی شراکت داروں پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کو رعایتی شرائط پر مالی وسائل فراہم کیے جائیں۔ جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی آسان اور کم لاگت بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 2035 تک مقررہ 35 فیصد کے ہدف کا حصول اسی وقت ممکن ہوگا جب مالی معاونت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی پاکستان کے ماحولیاتی عزائم کے مطابق ہو۔

 یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے،عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صاف توانائی کی طرف منتقلی کے دوران عوام کی بنیادی ضروریات اور معاشی ترقی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو ایسا ترقیاتی ماڈل اپنانا ہوگا جو معیشت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی یقینی بنائے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر عالمی برادری کو پیغام دیا کہ عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر معیشتوں کو توانائی فراہم کرنا اور کرہ ارض کو تاریک کیے بغیر گھروں کو روشن کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان صاف توانائی کے فروغ، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

editor

Related Articles