وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں اور چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام اب کسی سیاسی جماعت کا مطالبہ نہیں بلکہ ریاست کی ضرورت بن چکا ہے۔
ملک میں وسائل اور اختیارات کی چند ہاتھوں میں مرکزیت نے انتظامی نظام کو ناکارہ بنا دیا ہے، جبکہ عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ کو گزشتہ 18 برسوں کے دوران 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود عوام کی حالت بہتر نہیں ہوئی، کیونکہ صوبائی وسائل ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے کے بجائے حکمرانوں کے مفادات کی نذر ہورہے ہیں۔
آزاد ڈیجیٹل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے نئے صوبوں کے قیام، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکمرانی، کراچی کی معاشی اہمیت، این ایف سی ایوارڈ، بلدیاتی اختیارات، مبینہ کرپشن، بارڈر ہیلتھ سروسز اسکینڈل، حج ویکسین کی خریداری، ایم کیو ایم کی سیاست، کراچی میں پانی کے بحران، تباہ حال انفراسٹرکچر اور حکومتی انتظامی ناکامیوں سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کو گزشتہ 18 برسوں میں 22 ہزار ارب روپے فراہم کیے گئے، جو اتنی بڑی رقم ہے کہ ان کے بقول اس سے صوبے کا بنیادی ڈھانچہ کئی مرتبہ تعمیر کیا جاسکتا تھا۔ انہوں نے اپنی کراچی کی نظامت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تقریباً 600 ارب روپے خرچ کیے اور ان کے دور میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل ہوا تھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں ترقیاتی وسائل عوام پر خرچ ہونے کے بجائے حکمرانوں کی جیبوں میں گئے اور ان رقوم سے لندن، دبئی اور دیگر ممالک میں سرمایہ کاری کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی مخالفت کی ایک بڑی وجہ وسائل اور اختیارات پر موجودہ حکمرانوں کی گرفت برقرار رکھنا ہے، کیونکہ نئے انتظامی یونٹس بننے سے ان کی مالی اور سیاسی اجارہ داری متاثر ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت فیصلہ کرنا ہوگا کہ چند افراد کی خواہشات کا تحفظ کرنا ہے یا ملک کو بچانا ہے۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کا قیام اب ان کی ذاتی خواہش یا ایم کیو ایم کا سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ پاکستان کی بقا کا معاملہ بن چکا ہے۔
کراچی کی معاشی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ شدید انتظامی مسائل کے باوجود کراچی پاکستان کو سالانہ تقریباً 5 ہزار 600 ارب روپے کا ریونیو فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق ملکی برآمدات میں کراچی کا حصہ 55 فیصد جبکہ قومی محصولات میں 58 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں صنعتکاروں کو پانی، بجلی، گیس، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کے ساتھ مختلف اداروں میں رشوت ستانی کا سامنا ہے۔ ان کے بقول صنعتکاروں کو 28 مختلف محکموں سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ امن و امان اور کاروباری اخراجات میں اضافے سے صنعتی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ کراچی کی لیاقت آباد مارکیٹ پورے لاہور شہر سے زیادہ ٹیکس ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی کی صنعتوں کو پانی، بجلی اور بہتر سڑکیں فراہم کردی جائیں تو کاروباری لاگت کم ہوگی، صنعتیں ایک کے بجائے دو شفٹوں میں کام کرسکیں گی، نئی فیکٹریاں قائم ہوں گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو معاشی مشکلات سے مستقل طور پر نہیں نکال سکتا بلکہ صرف عارضی مالی سہارا فراہم کررہا ہے۔ ان کے مطابق کراچی کو اس کے جائز مالی وسائل اور انتظامی اختیارات دے دیے جائیں تو یہ شہر پاکستان کو معاشی دلدل سے نکال کر دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرسکتا ہے۔
عالمی تجارتی صورتحال اور آبنائے ہرمز سمیت خطے کی سمندری گزرگاہوں میں پیدا ہونے والے بحران پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پورے خطے کے لیے ایک اہم تجارتی اور ٹرانزٹ مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی دونوں بڑی بندرگاہیں قدرتی طور پر ایسی گہرائی رکھتی ہیں جہاں بڑے بحری جہاز براہِ راست لنگرانداز ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق کراچی وسطی ایشیائی ممالک، افغانستان اور پورے پاکستان کے لیے اہم تجارتی دروازے کی حیثیت رکھتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور عالمی تجارتی راستوں میں رکاوٹوں کے باعث کراچی بین الاقوامی تجارت کا بڑا مرکز بن سکتا ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے شہر کا اپنا انتظامی نظام درست کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا سے تجارت بڑھانے کے دعوے اس وقت تک مؤثر نہیں ہوسکتے جب تک شہریوں کو پانی، سڑکیں اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم نہ کی جائیں۔
کراچی میں پانی کی قلت پر وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ شہر کے شہریوں کو ان کے حصے کا پانی چوری کرکے ٹینکروں کے ذریعے فروخت کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق بڑے سیاستدانوں، وزرا اور بیوروکریٹس کے اپنے واٹر ٹینکرز چل رہے ہیں، جو عوام کا پانی انہی کو مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے تقریباً 80 فیصد علاقوں میں نلکوں کے ذریعے مطلوبہ پانی دستیاب نہیں، لیکن شہریوں کو 8 ہزار، 10 ہزار یا 11 ہزار روپے ادا کرنے پر مختصر وقت میں پانی کا ٹینکر مل جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال پانی کی عدم دستیابی کے بجائے انتظامی بدانتظامی کو ظاہر کرتی ہے۔
سمندری پانی کو صاف کرکے قابلِ استعمال بنانے کے سوال پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ڈی سیلینیشن ایک مہنگا عمل ہے، جبکہ کراچی کے سمندر میں روزانہ تقریباً 54 کروڑ گیلن غیر صاف شدہ سیوریج کا پانی شامل ہورہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مقابلے میں کراچی کے سمندری پانی کو صاف کرنے کی لاگت بہت زیادہ ہوگی۔ ان کے مطابق اگر وہاں پانی صاف کرنے کی لاگت ایک روپے ہو تو کراچی میں یہ تقریباً 20 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے پاس دریاؤں اور جھیلوں کی صورت میں قدرتی آبی وسائل موجود ہیں، لیکن پانی ذخیرہ کرنے کے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے بارشوں کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے ذخائر تعمیر کرنے اور موجودہ آبی وسائل کے بہتر انتظام کی ضرورت پر زور دیا۔
کراچی میں تباہ حال سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر اور بحالی کا کام ساتویں سال میں داخل ہوچکا ہے، جس کے باعث ان کے بقول پانچ لاکھ سے زائد دکانوں اور خاندانوں کا کاروبار متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض ٹی وی چینلز پر کراچی کی سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کی خبریں نشر کی جارہی ہیں، لیکن زمینی صورتحال مختلف ہے۔ مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا کہ بعض میڈیا اداروں کی ملکیت یا ان کے مالی مفادات حکومتی شخصیات سے وابستہ ہیں، جس کے باعث عوام کو اصل صورتحال کے بجائے حکومتی مؤقف دکھایا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر نے شہریوں سے براہِ راست صورتحال معلوم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سڑک کی حقیقی حالت جاننے کے لیے وہاں کے دکانداروں اور رہائشیوں سے بات کی جانی چاہیے۔
کراچی میں ڈمپرز اور ٹرکوں کے حادثات پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان واقعات کو لسانی مسئلہ بنانے کے بجائے انتظامی ناکامی کے طور پر دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس میں بعض اہم تعیناتیاں رشوت کے ذریعے ہوتی ہیں، جس کے نتیجے میں متعلقہ افسران عوام کو تحفظ دینے کے بجائے اپنی خرچ کی گئی رقم واپس حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹریفک حادثات، کھلے گٹروں میں بچوں کی اموات، بارشوں کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے کے واقعات اور آوارہ کتوں کے کاٹنے جیسے مسائل انتظامی ناکامی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے بارش کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے 32 افراد کی اموات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بہتر انتظامات کے ذریعے ایسے حادثات روکے جاسکتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ موجودہ صوبائی نظام میں کراچی کے عوام کو اپنے حکمرانوں کے احتساب کا مؤثر اختیار حاصل نہیں۔ ان کے مطابق کراچی سندھ کی آبادی کا تقریباً 38 فیصد جبکہ حیدرآباد 5 فیصد حصہ رکھتا ہے، اس طرح دونوں شہروں کی مجموعی آبادی تقریباً 43 فیصد بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے تمام ووٹرز بھی کسی صوبائی حکومت کی مخالفت کریں تو صرف اپنے ووٹوں کی بنیاد پر وزیراعلیٰ تبدیل نہیں کرسکتے۔ ان کے مطابق یہی صورتحال عوام اور حکمرانوں کے درمیان جوابدہی کا تعلق کمزور کررہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کراچی الگ انتظامی یونٹ یا صوبہ بن جائے تو وہاں کی حکومت کو براہِ راست مقامی عوام کے ووٹوں کا محتاج ہونا پڑے گا۔ اس صورت میں عوام کو ناقص کارکردگی پر حکومت تبدیل کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، چاہے حکومت میں آنے والے افراد موجودہ سیاستدان اور بیوروکریٹس ہی کیوں نہ ہوں۔
نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاقی قابلِ تقسیم محصولات کا 57.5 فیصد صوبوں کو منتقل کیا جاتا ہے، جبکہ ان وسائل سے صوبائی حکومتوں کو تعلیم، صحت، پانی، سڑکوں اور دیگر سماجی شعبوں میں بہتری لانا ہوتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ رواں مالی سال میں صوبوں کو تقریباً 8 ہزار 884 ارب روپے ملے، جن میں پنجاب کے تقریباً 4 ہزار 400 ارب، سندھ کے 2 ہزار 263 ارب، خیبرپختونخوا کے 1500 ارب جبکہ بلوچستان کے تقریباً 800 ارب روپے شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی رقوم صوبوں کے عوام کے نام پر منتقل کی جاتی ہیں، لیکن ان کے ثمرات نچلی سطح تک نہیں پہنچتے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ملک میں 12، 16 یا 20 نئے انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں تو وسائل زیادہ علاقوں تک براہِ راست پہنچ سکیں گے اور مقامی انتظامیہ اپنی آبادی کے سامنے جوابدہ ہوگی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر گزشتہ برسوں کے دوران صوبائی وسائل درست انداز میں خرچ کیے جاتے تو ملک میں نئی صنعتیں، تعلیمی ادارے، آئی ٹی پارکس اور بہتر سڑکیں قائم ہوتیں۔ ان کے مطابق صنعتی ترقی سے برآمدات بڑھتیں، نوجوانوں کو روزگار ملتا، عوام کی قوتِ خرید بہتر ہوتی اور پاکستان کا قرضوں پر انحصار کم ہوسکتا تھا۔
انہوں نے نوجوانوں میں بے روزگاری کو ملکی معیشت کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس نوجوان آبادی کی شکل میں ایک اہم صلاحیت موجود ہے، جسے روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
بلدیاتی نظام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 2024 میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے لیے آئینی اصلاحات کا معاملہ اٹھایا تھا۔
ان کے مطابق ایم کیو ایم نے آئین کے آرٹیکل 140 اے کی تشریح اور مقامی حکومتوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات کی منتقلی کے لیے آٹھ صفحات پر مشتمل مجوزہ آئینی ترامیم تیار کی تھیں۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے دوران وزیراعظم، کابینہ اور مسلم لیگ (ن) سمیت مختلف جماعتیں ان تجاویز پر رضامند تھیں، لیکن پیپلز پارٹی نے مخالفت کرکے پیش رفت روک دی۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے موقع پر بھی اسی نوعیت کی صورتحال پیش آئی اور پیپلز پارٹی نے بلدیاتی اختیارات سے متعلق تجاویز کی حمایت نہیں کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اس وقت خبردار کیا تھا کہ اگر مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل نہ کیے گئے تو نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تحریک سامنے آئے گی۔ ان کے مطابق اب صورتحال اسی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبے قائم ہونے کے بعد بھی مقامی حکومتوں کو آئینی طور پر بااختیار بنانا ضروری ہوگا، کیونکہ نئے وزیراعلیٰ کو بھی سیوریج، صفائی اور دیگر بلدیاتی امور کا براہِ راست انچارج نہیں ہونا چاہیے۔
ملک کے سیاسی اور انتظامی حلقوں میں نئے صوبوں سے متعلق سوچ میں تبدیلی کے بارے میں مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ ریاستی سطح پر بھی اختیارات کی مزید تقسیم کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 1951 میں تقریباً 3 کروڑ 70 لاکھ تھی، جبکہ اب تقریباً 26 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، لیکن صوبوں کی تعداد میں اسی تناسب سے اضافہ نہیں ہوا۔
ان کے مطابق بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیشِ نظر نئے صوبوں کی تشکیل ایک فطری عمل ہے، جسے ملک کی تقسیم یا قومی یکجہتی کے خلاف اقدام سمجھنا درست نہیں۔
سندھ کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے مسلم لیگ (ن) اور دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کی بڑی سیاسی جماعتوں نے سندھ میں مؤثر سیاسی سرگرمیاں نہیں کیں، جس کے باعث صوبے میں پیپلز پارٹی کو مسلسل سیاسی فائدہ پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی جماعتوں نے سندھ کو عملی طور پر پیپلز پارٹی کے حوالے کردیا اور صوبے کے عوام کو سیاسی متبادل فراہم کرنے میں ناکام رہیں۔
مصطفیٰ کمال نے 2018 میں عمران خان کی حکومت کے قیام، بعد میں اس حکومت کے خاتمے اور موجودہ وفاقی سیاسی انتظامات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مختلف ادوار میں سیاسی ضرورتوں کے تحت پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل کی گئی، جس سے سندھ میں اس کی سیاسی گرفت مضبوط ہوئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات، زرعی پانی کی بندش اور دیگر دباؤ کے ذریعے بعض شخصیات کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے سندھ کی ماضی کی حکومتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جام صادق، لیاقت جتوئی، علی محمد مہر اور ارباب غلام رحیم کے ادوار بھی رہے ہیں، لہٰذا یہ تاثر درست نہیں کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی دوسری سیاسی قوت موجود نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ سیاسی اور انتظامی نظام نے سندھ کے عوام کو مؤثر سیاسی متبادل سے محروم کردیا ہے اور اس صورتحال سے نکلنے کے لیے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ضروری ہے۔
پوڈکاسٹ کے دوران بارڈر ہیلتھ سروسز سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور 10 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے ان الزامات کو مسترد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ روایتی سرکاری خریداری کا نہیں بلکہ بارڈر ہیلتھ سروسز، نادرا اور ایک نجی کمپنی کے درمیان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق تھا، جس میں رقوم کی وصولی کے لیے کیش لیس نظام بنایا گیا تھا۔
ان کے مطابق متعلقہ نظام کے ذریعے جمع ہونے والی رقم نادرا کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونا تھی، جہاں سے اسے متعلقہ فریقوں میں تقسیم کیا جانا تھا۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ اس معاملے میں مجموعی رقم 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے ہے، جو نادرا کے پاس موجود ہے، جبکہ 10 ارب روپے کی خریداری یا مالی بدعنوانی کا دعویٰ درست نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی وزارت نے 9 مئی 2024 کو ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم متعلقہ افسران نے اسے نظرانداز کرتے ہوئے 10 جون کو اپنی الگ کمیٹی قائم کرلی۔
وفاقی وزیر کے مطابق متعلقہ ڈائریکٹر جنرل نے خود کو مجاز اتھارٹی قرار دے کر کمیٹی کی سربراہی سنبھالی اور وزارت کی منظوری حاصل کیے بغیر اقدامات کیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انکوائری میں وزارت یا وزیر کی اجازت کے بغیر کارروائی کیے جانے کی نشاندہی ہوئی، جبکہ متعلقہ افراد کی گرفتاریاں بھی اسی معاملے سے جڑی ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نجی کمپنی کو بلیک لسٹ کیا گیا اور متعلقہ افراد گرفتار ہوئے، جبکہ ان کے مطابق رقم کسی فرد میں تقسیم ہونے کے بجائے نادرا کے پاس موجود ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرپشن سے متعلق ان کے خلاف مہم کا مقصد انہیں نئے صوبوں کی تحریک اور ایم کیو ایم کی تنظیم سازی سے دور رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین چاہتے ہیں کہ وہ ان معاملات میں الجھ جائیں اور سندھ خصوصاً شہری علاقوں کے عوام کے حقوق کی آواز نہ اٹھاسکیں، لیکن وہ اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
حج ویکسین کی خریداری سے متعلق الزامات پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے میں دو مختلف ویکسینز شامل ہیں، جن میں گردن توڑ بخار اور فلو سے بچاؤ کی ویکسین شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گردن توڑ بخار کی ویکسین تقریباً 2300 روپے جبکہ فلو ویکسین تقریباً 1200 روپے کی خریدی گئی، اور مجموعی اخراجات کے حوالے سے تقریباً 4500 روپے کی رقم زیرِ بحث رہی۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق وزارت مذہبی امور نے بھی مختلف برسوں میں گردن توڑ بخار کی ویکسین تقریباً 2290، 2555، 2400 اور 2560 روپے کی قیمتوں پر خریدی۔
انہوں نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے اسی ویکسین کی مقررہ قیمت تقریباً 1300 روپے تھی، تاہم ان کے بقول وزارت مذہبی امور کی خریداری کمیٹی میں ڈریپ کا نمائندہ موجود ہونے کے باوجود زیادہ قیمت پر خریداری کا سلسلہ جاری رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ قیمتوں کے فرق کا دفاع نہیں کررہے بلکہ خریداری کے طریقہ کار اور مختلف اداروں میں اختیار کیے گئے انتظامات کی وضاحت کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ متعلقہ نجی کمپنی کے معاملے میں رقم سرکاری تحویل میں موجود ہے، جبکہ دوسری خریداریوں میں پیشگی ادائیگیاں کی جاتی رہی ہیں۔
ایم کیو ایم کے سیاسی کردار پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کی جماعت اب محض ایک لسانی جماعت نہیں رہی بلکہ مختلف قومیتوں اور علاقوں کے افراد اس کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے اقبال محسود کی نمائندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم میں پختون، سندھی، پنجابی اور دیگر برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی تنظیم بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی موجود ہے، اگرچہ بعض علاقوں میں سیاسی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
اندرون سندھ کے عوام سے متعلق مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہاں کے شہری بھی شدید محرومیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حیدرآباد سے آگے کئی علاقوں میں خواتین کو پینے کا پانی حاصل کرنے کے لیے طویل فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر بنیادی انسانی ضروریات تک دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے عوام کی معاشی اور سماجی مشکلات کراچی کے مقابلے میں بعض حوالوں سے کہیں زیادہ سنگین ہیں، لیکن موجودہ سیاسی نظام میں انہیں اپنے حالات تبدیل کرنے کے مناسب مواقع حاصل نہیں۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے صرف کراچی یا شہری سندھ نہیں بلکہ اندرون سندھ کے عوام کو بھی فائدہ پہنچے گا، کیونکہ انتظامی اختیارات کی تقسیم سے عوام اپنے وسائل اور حکمرانوں کے بارے میں زیادہ مؤثر فیصلے کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا اصل راستہ اختیارات کی مرکزیت ختم کرنے، انتظامی یونٹس کی تعداد بڑھانے، مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے اور عوام کو اپنے حکمرانوں کے احتساب کا اختیار دینے میں ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم نئے صوبوں اور چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، جبکہ پارٹی کی تنظیم سازی اور عوامی حقوق کے لیے سیاسی سرگرمیاں بھی جاری رکھی جائیں گی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ملک میں وسائل کی کمی سے زیادہ مسئلہ ان کے غیر مؤثر استعمال اور انتظامی نظام کی خرابی کا ہے۔ جب تک عوام کے نام پر ملنے والے وسائل براہِ راست ان کی فلاح و بہبود پر خرچ نہیں ہوں گے، معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور بنیادی سہولتوں کی دستیابی کے اہداف حاصل نہیں کیے جاسکیں گے۔
