سابق سیاسی مافیا کی جرائم پیشہ گروہوں کو آشیرباد کا ہولناک انجام،کوہاٹ میں 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت، پولیس کے بہادر جوانوں نے 18 خوارج جہنم واصل کردئیے
Home - اہم خبریں - سابق سیاسی مافیا کی جرائم پیشہ گروہوں کو آشیرباد کا ہولناک انجام،کوہاٹ میں 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت، پولیس کے بہادر جوانوں نے 18 خوارج جہنم واصل کردئیے
خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابو کچ میں غیر قانونی طور پر سونے کی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیاآپریشن مکمل کرنے کے بعد جب پولیس پارٹی واپس آ رہی تھی تو جرائم پیشہ عناصر کے ایماء پر فتنہ الخوارج نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔
پولیس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا انتہائی بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 خوارج جہنم واصل ہوئے، جبکہ اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کے 10 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
بیرونی قوتوں کے ایما پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج آپس میں منظم روابط رکھتے ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کا دین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے جرائم پیشہ مافیاز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
بیرونی پشت پناہی سے کام کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کے خلاف ہر ممکن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خوارج کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔
کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی،آج شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق خیبر پختونخوا، بالخصوص ضلع کوہاٹ سے تھا۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔