پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے بڑا فیصلہ، 17.7 ارب ڈالر بچانے، 6 ارب ڈالر کمانے کی تیاری

پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے بڑا فیصلہ، 17.7 ارب ڈالر بچانے، 6 ارب ڈالر کمانے کی تیاری

پاکستان نے گاڑیوں کی محض اسمبلنگ کے بجائے عالمی منڈیوں کے لیے مقامی سطح پر گاڑیاں اور آٹو پارٹس تیار کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ نئی آٹو پالیسی کے تحت 2031 تک 6 ارب ڈالر کی برآمدات اور 17.7 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-2031 ملکی صنعتی شعبے میں بنیادی تبدیلی لائے گی۔ اس پالیسی کا مقصد درآمدات پر انحصار کم کرکے پاکستان کو برآمدات پر مبنی پیداواری معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔

وفاقی وزارت صنعت کے مطابق ہارون اختر خان نے کہا کہ نئی پالیسی وزیراعظم شہباز شریف کے خود انحصاری اور برآمدات میں اضافے کے وژن کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے مقامی صنعت کاروں کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی آٹو موٹیو سپلائی چین میں شامل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد صرف گاڑیوں کی اسمبلنگ کو سہولت دینا یا درآمدات پر ٹیرف کے ذریعے تحفظ فراہم کرنا نہیں بلکہ ایک پائیدار صنعتی نظام قائم کرنا ہے۔ اس نظام میں مقامی کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے عالمی معیار کی مصنوعات تیار کرسکیں گی۔

6 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف

نئی پالیسی کے تحت 2026 سے 2031 تک مجموعی طور پر تقریباً 6 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس میں آٹو پارٹس تیار کرنے والے اداروں سے 3.29 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔ یہ مجموعی ہدف کا تقریباً 55 فیصد بنتا ہے۔

اسی طرح گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں سے 2.72 ارب ڈالر کی برآمدات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ یہ مجموعی برآمدات کا تقریباً 45 فیصد ہوگا۔

ہارون اختر خان کے مطابق یہ تقسیم اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومت مقامی آٹو پارٹس انڈسٹری کو مضبوط کرکے عالمی منڈی میں پاکستان کی موجودگی بڑھانا چاہتی ہے۔

2 ہزار 200 مقامی اداروں کو سہارا

مشیر صنعت و پیداوار نے بتایا کہ پاکستان میں تقریباً 2 ہزار 200 آٹو پارٹس تیار کرنے والے ادارے کام کر رہے ہیں۔ ان اداروں کی پیداواری صلاحیت اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی ملکی صنعت کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

اس مقصد کے لیے 2.1 ارب روپے کی لاگت سے وینڈر اپ گریڈیشن اینڈ ٹیکنالوجی ٹرانسفر پروگرام شروع کیا جائے گا۔ انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ اور سمیڈا اس منصوبے پر عمل درآمد کریں گے۔

پروگرام کے تحت مقامی صنعت کاروں کو جدید مشینری، مشترکہ پیداواری سہولتوں، ہنرمندی کی تربیت اور بین الاقوامی معیار کے سرٹیفکیشن کے حصول میں مدد فراہم کی جائے گی۔

پالیسی کی پانچ سالہ مدت میں کم از کم پانچ بڑے آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ اداروں میں سرمایہ کاری کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔

مقامی تیاری نہ کرنے پر ڈیوٹی میں اضافہ

حکومت نے نئی پالیسی میں مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے سخت شرائط بھی متعارف کرائی ہیں۔ ان کے تحت کمپنیوں کو بتدریج مقامی ویلیو ایڈیشن میں اضافہ کرنا ہوگا۔

مقررہ کم از کم مقامی تیاری کی شرائط پوری نہ کرنے پر متعلقہ غیر مقامی طور پر تیار کردہ سی کے ڈی درآمدات پر اگلے مالی سال میں کسٹمز ڈیوٹی مزید 3 فیصد پوائنٹس بڑھائی جاسکے گی۔

ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ درآمدی مراعات کو اب مقامی پیداوار، سرمایہ کاری اور برآمدی کارکردگی سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مقامی صنعت کو محض درآمدی پرزوں کی اسمبلنگ تک محدود رہنے سے نکالنا ہے۔

الیکٹرک گاڑیوں کے لیے بھی نئی شرائط

نئی پالیسی میں الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی تیاری کے فروغ کے لیے بھی خصوصی سہولتیں رکھی گئی ہیں۔

ابتدائی دو سال کے دوران 15 ہزار ڈالر تک مالیت کی درآمد شدہ بیٹری الیکٹرک گاڑیوں پر 5 فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی کی سہولت دی جائے گی۔ تاہم اس کے لیے متعلقہ کمپنیوں کو پاکستان میں مقامی اسمبلنگ یا مینوفیکچرنگ کی سہولت قائم کرنا ہوگی۔

اس رعایت سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں کو ڈیوٹی کے فرق کے مساوی سیکیورٹی بانڈ اور ناقابل تنسیخ بینک گارنٹی جمع کرانا ہوگی۔

انہیں 30 ستمبر 2028 تک درآمد شدہ الیکٹرک گاڑیوں کے ماڈلز کی تجارتی بنیادوں پر مقامی پیداوار بھی شروع کرنا ہوگی۔ مقررہ مدت میں شرط پوری نہ ہونے پر بینک گارنٹی کیش کرانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

برآمد کنندگان کے لیے اضافی مراعات

حکومت نے برآمدات بڑھانے کے لیے ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز اسکیم بھی متعارف کرائی ہے۔

اس کے تحت اہل برآمد کنندگان کو خالص ایف او بی برآمدی مالیت پر 5 فیصد معاونت فراہم کی جائے گی۔ مقررہ شرائط کے مطابق اضافی برآمدات پر مزید 10 فیصد مراعات بھی دی جاسکیں گی۔

کمپنیوں کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کی عالمی سپلائی چین میں برآمدی مواقع حاصل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس طرح درآمدی سہولتوں کو مقامی پیداوار اور برآمدی ذمہ داریوں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

editor

Related Articles