راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، سری لنکا نے پاکستان کے پہلی اننگز کے 434 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا لیے ہیں۔
مہمان ٹیم نے تیسرے روز کھیل کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز سے کیا۔ دن کے اختتام پر دھننجیا ڈی سلوا 167 رنز اور کوشل مینڈس 117 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔دونوں بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرلی، جس کے باعث سری لنکا نے پاکستان کی برتری تقریباً ختم کردی۔
پاکستانی بولرز تیسرے روز مہمان ٹیم کی صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ پاکستان کی جانب سے ثاقب خان اور محمد عباس اب تک 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔پہلی اننگز میں پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے سری لنکا کو مزید 30 رنز درکار ہیں۔
یاد رہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 93 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ کپتان بابر اعظم، طیب عارف اور محمد طہٰ نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
گزشتہ روز خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا تھا، اس وقت سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 27.1 اوورز کھیل کر 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا چکی تھی۔
تیسرے روز سری لنکا کے بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔ خراب روشنی کے باعث دن کا کھیل ختم کیا گیا تو سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور سے صرف 30 رنز پیچھے تھی
