فتح خیل پولیس چوکی پر حملے کے بعد بنوں پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں 5 خطرناک دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی خصوصی ہدایات پر شروع کیے گئے تھے۔
کارروائیوں میں زرولی کے بھتیجے حیات اللہ کو ہلاک کیا گیا، جو دیسی ساختہ بم بنانے کا ماہر تھا اور چوکی پر حملے کے لیے بم رکشے میں نصب کر رہا تھا۔ اس کے ٹھکانے سے آئی ای ڈی بنانے کا سامان، بال بیرنگ، پرائما کارڈ اور بارود بھی برآمد ہوا۔ حیات اللہ بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر اور متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔
کارروائی میں چوکی پر حملے میں ملوث دیگر دہشت گرد خارجی اسد یار، خارجی نعمت اللہ اور اہم دہشت گرد کمانڈر منصور بھی مارے گئے۔ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی، پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں پر حملوں میں مطلوب تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر کے پی پولیس کی ستائش کی ہے۔ وزیر داخلہ نے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہےکہ دہشت گردوں کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس کی کارروائیاں قابل ستائش ہیں، قوم کو پولیس کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے کہا کہ شہدا کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے، بنوں کے غیور بیٹے اپنی مٹی کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ ضلع میں امن کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں پولیس کو خصوصی شاباش دی ہے اور نقد انعامات کا اعلان بھی کیا ہے۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ نوں پولیس نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑ کر دم لیں گے اور صوبے سے امن دشمنوں اور ان کے سہولت کاروں کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔
یہ کارروائی خیبرپختونخوا پولیس کی دہشت گردی کے خلاف پائیدار اور مؤثر اقدامات اور عوام اور سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔