بنوں میں نامعلوم عناصر نے جانی خیل میریان اور بیٹنی کے علاقوں کو ضلع بنوں اور پختونخوا کے دیگر حصوں سے ملانے والے اہم رابطہ پل کو نشانہ بنا کر بارودی مواد سے اڑا دیا جس کے باعث علاقے کا زمینی رابطہ بری طرح متاثر ہوگیا۔
یہ واقعہ رات کی تاریکی میں لورا پل پر پیش آیا جو میران شاہ روڈ پر فتح خیل پولیس چوکی کے قریب واقع تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا جس کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت مکمل طور پر متاثر ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے بعد علاقے کے متعدد دیہات اور آبادیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جس سے تقریباً چار لاکھ آبادی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ کارروائی ایک منظم تخریبی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عوامی نقل و حرکت کو متاثر کرنا اور علاقے میں بدامنی پیدا کرنا ہے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب مقامی آبادی نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امن ترقی اور عوامی سہولتوں پر حملہ قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکیں، پل، مساجد اور تعلیمی ادارے عوامی فلاح کیلئے تعمیر کیے جاتے ہیں اور انہیں نشانہ بنانا براہ راست عوام کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو سکے۔
ایسے واقعات نہ صرف روزمرہ زندگی کاروبار اور سفری سہولتوں کو متاثر کرتے ہیں بلکہ خطے میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال کو بھی پیچیدہ بنا دیتے ہیں جس کے اثرات براہ راست مقامی آبادی کو بھگتنا پڑتے ہیں۔