پنجاب میں نجی سکولوں کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

پنجاب میں نجی سکولوں کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

پنجاب میں نجی سکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کی تجویز پیش کر دی گئی ہے اس اقدام کے تحت سکول عمارتوں کی مضبوطی، استحکام اور حفاظتی معیار کی مکمل جانچ کی جائے گی تاکہ طلبہ اور عملے کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق نجی سکولوں کی تکنیکی جانچ کیلئے تیسرے فریق کے ماہر مشیر کی خدمات لینے کی سفارش کی گئی ہے، اس مقصد کیلئے ایک آزاد انجینئرنگ ادارے کو ذمہ داری سونپنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ جانچ کا عمل شفاف اور غیر جانبدار انداز میں مکمل ہو سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ پورے پنجاب میں یکساں طریقہ کار کے تحت سروے کرانے کی سفارش بھی سامنے آئی ہے،لاہور میں تقریباً ساڑھے تین ہزار نجی سکول رجسٹریشن کے دائرے میں شامل ہیں،تجویز کے مطابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ محکمہ عمارات جاری کرے گا جبکہ سکول رجسٹریشن اور اس میں توسیع کیلئے یہ سرٹیفکیٹ لازمی شرط ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :فیسوں سے متعلق پرائیویٹ سکولوں پر بڑی پابندی عائد کردی گئی

مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متعدد نجی سکول رہائشی عمارتوں میں قائم ہیں جبکہ کئی عمارتیں ادارہ جاتی استعمال کیلئے منظور شدہ بھی نہیں، بہت سی عمارتوں کے نقشے اور تعمیراتی ریکارڈ دستیاب نہیں جس کے باعث حفاظتی خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں بلڈنگ سیفٹی کیلئے جامع تعمیراتی جائزے کی تجویز دی گئی ہے، اس کے علاوہ عمارتوں کی تباہ کن اور غیر تباہ کن جانچ کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ عمارتوں کی اصل حالت کا درست اندازہ لگایا جا سکے،اسی سلسلے میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے فوری پالیسی فیصلہ طلب کر لیا گیا ہے، یہ مراسلہ چیف ایگزیکٹو افسر ضلعی تعلیمی اتھارٹی لاہور کے خط کی روشنی میں ارسال کیا گیا۔

editor

Related Articles