لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے شہریوں کو آسان اقساط پر پلاٹ فراہم کرنے کے لیے پانچویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کامیابی کے ساتھ مکمل کر دی ہے۔
اس تقریب کا انعقاد ایل ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس جوہر ٹاؤن میں ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا، جہاں شفاف کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت مختلف اسکیموں کے پلاٹس کامیاب شہریوں کے نام کیے گئے۔
قرعہ اندازی میں لاہور کے معروف علاقوں بشمول جوہر ٹاؤن، ایل ڈی اے سٹی، علامہ اقبال ٹاؤن اور موہلنوال کے رہائشی اور کمرشل پلاٹس شامل تھے۔
ایل ڈی اے سٹی بزنس میں چار مرلہ کے کمرشل پلاٹس، جوہر ٹاؤن میں دو سے ڈھائی مرلہ کے کمرشل پلاٹس اور ساڑھے تین مرلہ کے رہائشی پلاٹس، علامہ اقبال ٹاؤن میں فروٹ مارکیٹ کے علاوہ تین مرلہ کے کمرشل پلاٹس اور ایل ڈی اے انکلیو موہلنوال (بلاک ڈی) میں تین مرلہ کے رہائشی پلاٹس کامیاب شہریوں کے نام کیے گئے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ شہری اپنے پلاٹس کی قیمت تین سال کے عرصے میں بارہ مساوی اقساط میں ادا کریں گے، جس سے عوام کے لیے پلاٹ حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایل ڈی اے مستقبل میں بھی شہریوں کی سہولت اور اپنے گھر کے خواب کو پورا کرنے کے لیے مزید پلاٹس مارکیٹ میں فراہم کرے گا۔