پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تین ماہ کی تعطیلات کے فیصلے کو چیلنج کر دیا گیا

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تین ماہ کی تعطیلات کے فیصلے کو چیلنج کر دیا گیا

لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تین ماہ کی تعطیلات کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کر دیا گیا ہے، یہ درخواست آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس پر عدالت نے سماعت کل کے لیے مقرر کر دی ہے۔

درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت، محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب سمیت متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت تعلیمی اداروں کو طویل مدت کے لیے بند کرنا طلبہ کے تعلیمی نقصان کا باعث بنے گا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں پہلے ہی تعلیمی سال کا دورانیہ کم ہو کر تقریباً 120 دن رہ گیا ہے، جبکہ ترقی یافتہ ممالک جیسے امریکہ اور برطانیہ میں تعلیمی سال 230 دن تک ہوتا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ تعلیمی تسلسل کی کتنی اہمیت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب میں نجی سکولوں کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

مزید کہا گیا ہے کہ تعلیم کے بغیر کسی بھی معاشرے کی ترقی ممکن نہیں، اس لیے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے بجائے اسے متاثر کرنا طلبہ کے مستقبل پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تین ماہ کی تعطیلات سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے اور موسم گرما کی تعطیلات کا دورانیہ کم کر کے 6 سے 8 ہفتے تک محدود کیا جائے،عدالت نے کیس کی سماعت کل کے لیے مقرر کر دی ہے جس میں ابتدائی دلائل سنے جائیں گے۔

editor

Related Articles