ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا ہے جس کے باعث آج سے 23 مئی تک مختلف علاقوں میں بارش آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور اور مردان میں بارش کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور اور گوجرانوالہ میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے اس لیے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں گرمی کی شدت برقرار ہے جہاں سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے اس سلسلے کے باعث آئندہ چند روز کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے اور مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے