جی ٹی اے 6 کی ریلیز کے بعد پی سی صارفین کے لیے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

جی ٹی اے 6 کی ریلیز کے بعد پی سی صارفین کے لیے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

دنیا بھر میں ویڈیو گیمز کے شوقین افراد جس گیم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، وہ ہے گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (جی ٹی اے 6)۔ تاہم اس گیم کی ریلیز سے پہلے ہی پی سی گیمرز کے لیے ایک اہم خبر سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق کمپیوٹر پر گیم کھیلنے کے شوقین افراد کو مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

راک اسٹار گیمز کے مطابق ؛جی ٹی اے 6 ابتدائی طور پر 19 نومبر 2026 کو پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے ریلیز کی جائے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ گیم کی پہلی ریلیز میں پی سی صارفین شامل نہیں ہوں گے۔ کمپنی نے تاحال پی سی ورژن کی ریلیز کی کوئی حتمی تاریخ بھی نہیں دی۔

تاہم گیمنگ ویب سائٹ گیمز بیٹ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جی ٹی اے 6 کا پی سی ورژن 2027 کی پہلی سہ ماہی میں سامنے آسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معلومات ایسے صنعتی ذرائع سے حاصل ہوئی ہیں جو راک اسٹار کے منصوبوں سے واقف ہیں۔ تاہم یہ تاریخ ابھی تک کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر تصدیق شدہ نہیں۔

آخر پی سی گیمرز کو پہلے دن ہی گیم کیوں نہیں ملے گی؟

راک اسٹار اور اس کی پیرنٹ کمپنی ٹیک ٹو انٹرایکٹو نے ابھی تک اس فیصلے کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی، لیکن اس کے پیچھے چند اہم تکنیکی اور کاروباری عوامل ہوسکتے ہیں۔

سب سے بڑی وجہ کنسولز اور کمپیوٹرز کے ہارڈویئر میں فرق ہے۔ پلے اسٹیشن اور ایکس باکس کے ہارڈویئر کی ترتیب مخصوص ہوتی ہے، جس کی وجہ سے گیم کو ان کے لیے بہتر بنانا نسبتاً آسان ہوتا ہے۔ اس کے برعکس پی سی صارفین کے پاس مختلف پروسیسرز، گرافکس کارڈز اور میموری کی بے شمار اقسام ہوتی ہیں۔ ہر سسٹم پر گیم کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے اضافی محنت درکار ہوتی ہے۔

ایک اور وجہ کاروباری حکمت عملی بھی ہوسکتی ہے۔ پہلے کنسولز پر گیم ریلیز کرنے سے کمپنی ابتدائی فروخت پر توجہ دے سکتی ہے، جبکہ بعد میں پی سی ورژن متعارف کرا کر دوبارہ بڑی تعداد میں صارفین تک پہنچ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جی ٹی اے 6 کے دیوانے پائلٹ نے آسمان کو کینوس بنا لیا

پی سی گیمر کی جانب سے کیے گئے ایک سروے میں 39 فیصد شرکاء نے کہا کہ وہ گیم کے پی سی ورژن کا انتظار کریں گے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی سی صارفین کی ایک بڑی تعداد تاخیر کے باوجود گیم خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

سابق راک اسٹار پروڈیوسر نے بھی اہم تکنیکی وجہ بتا دی

یوٹیوبر ’کی وی ٹالکز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے راک اسٹار کے سابق پروڈیوسر جان ریکیو نے بھی اس معاملے پر روشنی ڈالی۔

ان کے مطابق پہلے کنسولز کے لیے گیم تیار کرنا اور بعد میں اسے پی سی کے مختلف ہارڈویئر کے مطابق ڈھالنا زیادہ آسان ہوتا ہے، کیونکہ کنسولز کا ہارڈویئر پہلے سے طے شدہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سستی اشیا کے لالچ میں کہیں آپ بھی پیسے نہ گنوا بیٹھیں، اہم سائبر وارننگ جاری

ان کا کہنا تھا کہ محدود اور یکساں تکنیکی ماحول سے آغاز کرنے کے بعد گیم میں مزید بہتری لانا آسان رہتا ہے، جبکہ پہلے پی سی کے لیے گیم تیار کرکے بعد میں اسے کنسولز کی محدود صلاحیتوں کے مطابق ڈھالنا زیادہ مشکل ہوسکتا ہے۔

اب اصل سوال یہ ہے کہ کیا پی سی گیمرز کو 2027 تک انتظار کرنا ہوگا؟

فی الحال یہ امکان گیمنگ انڈسٹری کی رپورٹ کی بنیاد پر سامنے آیا ہے، حتمی اعلان نہیں۔ راک اسٹار کی جانب سے پی سی ورژن کی تاریخ سامنے آنے تک گیمرز کو انتظار کرنا ہوگا۔

editor

Related Articles