کراچی میں بینکوں سے بھاری رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کیلئے پولیس سکیورٹی کا اعلان

کراچی میں بینکوں سے بھاری رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کیلئے پولیس سکیورٹی کا اعلان

کراچی میں بینکوں سے بھاری رقم نکلوانے والے شہریوں کو لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں سے بچانے کے لیے سندھ پولیس نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پولیس سکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

شہر میں بینکوں کے باہر اور اطراف میں پیش آنے والی اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں کے بعد پولیس کی جانب سے یہ فیصلہ سامنے آیا، جس کا مقصد شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

سندھ پولیس کے مطابق ایسے شہری جو بینکوں سے بڑی رقم نکلوا کر لے جاتے ہیں، وہ متعلقہ پولیس سے رابطہ کرکے سکیورٹی حاصل کرسکتے ہیں۔

اس سہولت سے متعلق عوام کو آگاہ کرنے کے لیے مختلف اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) کی جانب سے بینکوں کے باہر بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں، جن پر رابطہ نمبرز اور ہدایات درج ہیں تاکہ شہری فوری طور پر پولیس مدد حاصل کرسکیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے افراد اکثر جرائم پیشہ عناصر کے نشانے پر ہوتے ہیں، اسی لیے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی خطرے سے بچنے کے لیے پولیس سکیورٹی کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ تاہم اس اعلان کے باوجود بیشتر شہری پولیس سکیورٹی لینے سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے سکیورٹی فراہم کرنے کا اقدام خوش آئند ضرور ہے، لیکن عوام کی بڑی تعداد اب بھی پولیس پر مکمل اعتماد کرنے کو تیار نہیں ، ماہرین کے مطابق شہریوں کی جانب سے اس سہولت سے عدم دلچسپی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا فقدان موجود ہے، جسے بہتر کارکردگی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

editor

Related Articles