وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ ایران کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے اعلیٰ ایرانی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور باہمی تعلقات سمیت علاقائی امن کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔
دورۂ ایران کے دوران وزیرِ داخلہ نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور ممکنہ تنازع کے خاتمے کے لیے تیار کیے گئے مسودوں پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فریقین نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مختلف طریقۂ کار پر غور کیا اور سفارتی سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاقِ رائے ظاہر کیا۔
اس موقع پر وزیرِ داخلہ نے تہران میں ایران کے اپنے ہم منصب اسکندر مومنی سے بھی دوبارہ ملاقات کی جس میں سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ محسن نقوی کا ایک ہفتے کے اندر ایران کا یہ دوسرا دورہ ہے جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی رابطوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے