امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں نظر آنے والی معروف کاروباری شخصیت کی اہلیہ سوزن ڈیل سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں۔ ان کے چہرے کے تاثرات، ہاتھوں کی حرکات اور کھڑے ہونے کے انداز پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، معروف ٹیکنالوجی کمپنی ڈیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیکل ڈیل کی اہلیہ سوزن ڈیل 7 اکتوبر کو اپنے شوہر کے ہمراہ وائٹ ہاؤس کے اوول آفس پہنچیں۔
سوزن ڈیل کی وائٹ ہاؤس آمد بچوں کے لیے مالی معاونت کے ایک بڑے منصوبے کے سلسلے میں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق، اس منصوبے کے تحت 6 ارب 25 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جن سے تقریباً ڈھائی کروڑ بچوں کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس میں فی کس 250 ڈالر جمع کرائے جائیں گے۔
تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی توجہ منصوبے کے بجائے سوزن ڈیل کے انداز اور تاثرات پر بھی مرکوز ہوگئی۔ بعض صارفین نے ان کی ہاتھوں کی حرکات اور کھڑے ہونے کے انداز پر حیرت کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے ان کی ظاہری شخصیت میں تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کردیں۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے مذاقاً انہیں روبوٹ سے تشبیہ دی، جبکہ کچھ نے ان کے انداز کو خلائی مخلوق جیسا قرار دیا۔ تاہم، یہ تبصرے صارفین کی ذاتی آرا اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔ سوزن ڈیل کی ویڈیوز پر ہونے والی اس بحث نے ایک بار پھر ظاہر کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی نمایاں شخصیت کی معمولی سی حرکت بھی کس طرح وائرل موضوع بن سکتی ہے۔