وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط، باہمی اعتماد اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
وزیراطلاعات عطا تارڑ نے پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسران پر مشتمل وفد سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور، گورننس کے نظام، انتظامی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری سمیت مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل بھی موجود تھے ، وزیر اطلاعات نے وفد کو پاکستان میں جاری اصلاحاتی اقدامات اور حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور پاکستان اور بنگلہ دیش کی سول سروسز کے درمیان ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام کو حالیہ دہائیوں میں ہونے والی اہم پیشرفت قرار دیا۔
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی روابط اور انتظامی و گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل ہیں ، پاکستان دوست ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے دونوں ممالک کے درمیان تربیتی و استعداد کار بڑھانے والے اداروں کے درمیان تعاون، فیکلٹی ایکسچینج، مشترکہ تحقیق اور تریتی ماڈیولز کی تیاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سول سروس اکیڈمی کی جانب سے پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت پروگرام کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔
بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد نے پاکستان کے انتظامی ڈھانچے اور مختلف شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات میں دلچسپی کا اظہار کیا ااور ملاقات کو دوطرفہ روابط اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کے حوالے سے مثبت اور تعمیری قرار دیا گیا۔