اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی صارفین کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد فائلز کو سنبھالنا اور دوبارہ استعمال کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
نئے فیچر کے تحت اب چیٹ جی پی ٹی میں اپ لوڈ کی جانے والی فائلیں چیٹ ختم ہونے کے بعد غائب نہیں ہوں گی بلکہ ایک الگ لائبریری میں محفوظ رہیں گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صارفین مستقبل کی گفتگو میں بھی انہی فائلز سے مدد لے سکیں گے۔
یہ سہولت اسپریڈ شیٹس، پریزنٹیشنز، پی ڈی ایفز اور دیگر دستاویزات سمیت مختلف فائل فارمیٹس کے لیے دستیاب ہوگی۔ چیٹ جی پی ٹی صارف کی ہدایات کو یاد رکھتے ہوئے آئندہ چیٹس میں انہی فائلز کا حوالہ بھی دے سکے گا۔
اوپن اے آئی کی جانب سے مختلف صارفین کے لیے الگ الگ اسٹوریج گنجائش مقرر کی گئی ہے۔ مفت صارفین کو 500 ایم بی اسٹوریج ملے گی، جبکہ گو سبسکرائبرز کے لیے 4 جی بی، پلس اور بزنس صارفین کے لیے 20 جی بی اور پرو صارفین کے لیے 100 جی بی تک اسٹوریج دستیاب ہوگی۔
یہ نیا فیچر ویب ورژن اور موبائل ایپ دونوں میں فراہم کیا جائے گا۔ صارفین کو سیٹنگز میں نیا اسٹوریج آپشن بھی نظر آئے گا، جبکہ تصاویر اور فائلز کے لیے الگ لائبریری مینیو شامل کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اپڈیٹ چیٹ جی پی ٹی کو ایک عام چیٹ بوٹ سے بڑھ کر ذاتی ورک اسپیس بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوسکتی ہے۔