پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کے گھر ایک بار پھر ننھی خوشیوں نے جنم لیا ہے۔ جوڑی کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، جس کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
سارہ خان نے انسٹاگرام پر اپنی نومولود بیٹی کی دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔ انہوں نے بتایا کہ ننھی پری کا نام رانیہ فلک رکھا گیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں جذباتی انداز میں لکھا کہ دوسرے بچے کی آمد کے بعد ان کے دل میں محبت پہلے سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان نے اس خاص لمحے کو بچوں کے ساتھ خاموشی اور سکون سے گزارنے کے لیے کچھ وقت خود کو دیا، اور اب وہ اپنی خوشی سب کے ساتھ بانٹ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ وائرل ہوتے ہی مداحوں اور شوبز شخصیات نے محبت بھرے پیغامات کی بھرمار کردی۔ اداکار سمیع خان، شگفتہ اعجاز، نور ظفر خان سمیت کئی فنکاروں نے سارہ خان اور فلک شبیر کو مبارکباد دیتے ہوئے ننھی رانیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سارہ خان پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے ایک کروڑ سے زائد فالوورز موجود ہیں۔ وہ متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث شہرت حاصل کرچکی ہیں، جبکہ حالیہ ڈرامہ سیریل ’’شیر‘‘ میں بھی ان کی پرفارمنس کو خوب سراہا گیا۔
یاد رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر کی پہلی بیٹی کا نام الیانا فلک ہے، جبکہ اب رانیہ فلک کی آمد نے ان کے گھر کی خوشیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔