پاک فوج سی پاک کی تعمیر کیلئے تعاون جاری رکھے گی ،فیلڈ مارشل کی چین کو یقین دہانی

پاک فوج سی پاک کی تعمیر کیلئے تعاون جاری رکھے گی ،فیلڈ مارشل کی چین کو یقین دہانی

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان پاک چین لازوال اور آہنی دوستی پر فخر کرتا ہے جبکہ پاک فوج چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل اور سیکیورٹی کیلئے اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ چین نے بھی پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور مؤثر ثالث قرار دیتے ہوئے اس کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق بیجنگ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، اقتصادی تعاون اور سی پیک منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھری ہے اور پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین کا عالمی کردار اور اثر و رسوخ مسلسل بڑھا ہے جبکہ چینی قیادت کے عالمی ترقی اور امن سے متعلق اقدامات نے دنیا میں استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

 یہ بھی پڑھیں :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چینی صدر کے ساتھ غیر رسمی ملاقات

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج سی پیک منصوبوں کی تعمیر، سیکیورٹی اور خطے میں اقتصادی رابطوں کے فروغ کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ ترقیاتی اہداف کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

اس موقع پر چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے پاکستان کو خطے میں امن کیلئے اہم کردار ادا کرنے والا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک قابلِ اعتماد اور مؤثر ثالث ہے جس پر تمام فریق اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتا ہے اور امن کے قیام کیلئے اس کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :صدر ٹرمپ کے ’مائی فیورٹ فیلڈ مارشل‘ کا دُنیا میں ڈنکا، سید عاصم منیر نے امریکا ایران جنگ رکوا دی، امریکی ٹی وی

وانگ ای نے مزید کہا کہ عالمی اور علاقائی حالات جیسے بھی ہوں، پاک چین دوستی چٹان کی طرح مضبوط رہے گی جبکہ پاک فوج دونوں ممالک کے تعاون کو فروغ دینے میں ہمیشہ ایک اہم ستون رہی ہے۔

editor

Related Articles