پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے اہم بیٹھک، جماعت اسلامی کا وفد وزیراعظم سے ملے گا

پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے اہم بیٹھک، جماعت اسلامی کا وفد وزیراعظم سے ملے گا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان اہم ملاقات طے پا گئی ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کل دوپہر وفود کی سطح پر ہوگی، جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سمیت عوام کو ریلیف دینے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت متوقع ہے۔

قیمتوں میں کمی کا ایجنڈا

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطے کے بعد ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کا معاملہ زیرِ بحث آئے گا۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو مہنگے ایندھن کے بوجھ سے ریلیف دیا جائے۔

حکومتی وفد میں اہم رہنما

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ اور وفاقی وزیر علی پرویز ملک شامل ہوں گے۔ وفود کی سطح پر ہونے والی اس بیٹھک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی سے متعلق جماعت اسلامی کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پس پردہ رابطے تیز

ملاقات کی تیاریوں کے سلسلے میں گزشتہ روز بھی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی مجوزہ ملاقات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

لیاقت بلوچ نے واضح کیا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان وزیراعظم سے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے ایجنڈے پر ملاقات کریں گے۔ اب اس ملاقات میں اہم سوال یہ ہوگا کہ حکومت جماعت اسلامی کے مطالبے پر کیا مؤقف اختیار کرتی ہے اور عوام کو پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں کوئی ریلیف مل پاتا ہے یا نہیں۔

editor

Related Articles