نادرا نے شہریوں کو فراڈ، جعلی سرگرمیوں اور شناختی معلومات کے غلط استعمال سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نئی نگرانی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے شناختی کارڈ کے گزشتہ 10 برس کے استعمال کا مکمل ریکارڈ چیک کرسکتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس نئی سہولت کے تحت شہری یہ معلوم کرسکیں گے کہ ان کا شناختی کارڈ کہاں، کب اور کس مقصد کے لیے استعمال ہوا، اس میں بینک اکاؤنٹ کھولنے، سم کارڈ جاری ہونے، تصدیقی عمل اور دیگر خدمات کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
نادرا کے مطابق یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ اور نادرا کے سرکاری ویب پورٹل دونوں پر دستیاب ہے، جہاں صارفین اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرکے مکمل ریکارڈ دیکھ سکتے ہیں۔
موبائل ایپ کے ذریعے ریکارڈ چیک کرنے کا طریقہ
صارفین اپنے موبائل فون میں پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اپنی لاگ اِن معلومات درج کرکے اکاؤنٹ کھولیں، اس کے بعد مین مینو میں موجود یوسیج ہسٹری یا ویری فکیشن ہسٹری کے آپشن پر کلک کریں۔
اس حصے میں ابتدائی طور پر گزشتہ 15 دن کا ریکارڈ نظر آئے گا، جبکہ مزید آپشنز کے ذریعے گزشتہ 10 برس کے دوران شناختی کارڈ کے استعمال کی مکمل تفصیلات حاصل کی جاسکیں گی۔
ویب پورٹل کے ذریعے معلومات حاصل کریں
شہری نادرا کے سرکاری پاک آئی ڈی ویب پورٹل پر بھی اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرکے شناختی کارڈ کی تصدیقی تاریخ اور استعمال کا ریکارڈ دیکھ سکتے ہیں۔
سموں کی تعداد معلوم کرنے کی سہولت
اگر کوئی شہری صرف یہ جاننا چاہتا ہے کہ اس کے شناختی کارڈ پر کتنی سمیں رجسٹرڈ ہیں تو وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 668 پر ایس ایم ایس بھیج سکتا ہے، جس کے بعد رجسٹرڈ سموں کی تفصیلات موصول ہوجائیں گی۔