نوجوانوں کو شادی کا جھانسہ دے کر لوٹنے والا گروہ گرفتار

نوجوانوں کو شادی کا جھانسہ دے کر لوٹنے والا گروہ گرفتار

شادی کی خواہش رکھنے والے نوجوانوں کو جال میں پھنسا کر لوٹنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے فرضی دلہن اور اس کے جعلی رشتے داروں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں پولیس نے شادی کے نام پر نوجوانوں کو دھوکا دے کر مالی نقصان پہنچانے والے گروہ کے خلاف کارروائی کی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں 5 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔ گروہ ایسے نوجوانوں کو نشانہ بناتا تھا جن کی کسی وجہ سے شادی نہیں ہو پا رہی تھی۔

سوشل میڈیا پر رشتہ، پھر مندر میں شادی

پولیس حکام کے مطابق ملزمان واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے نوجوانوں کو لڑکی کی تصاویر دکھاتے اور رشتے کی پیشکش کرتے تھے۔ بات طے ہونے کے بعد لڑکے اور اس کے اہل خانہ کو مندر بلایا جاتا، جہاں باقاعدہ شادی کی رسومات ادا کی جاتیں۔ شادی کے دوران دلہن کو نقد رقم، زیورات اور دیگر قیمتی تحائف بھی دیے جاتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:جینز کا رنگ ہمیشہ نیلا کیوں ہوتا ہے؟ دلچسپ وجہ سامنے آگئی

راستے میں ’فرضی رشتے دار‘ آجاتے

پولیس کے مطابق اصل واردات شادی کے بعد شروع ہوتی تھی۔ جب دولہا اپنی نئی دلہن کو لے کر گھر واپس جانے کے لیے روانہ ہوتا تو راستے میں گینگ کے ارکان خود کو دلہن کے والد، بھائی یا دیگر رشتے دار ظاہر کرکے گاڑی روک لیتے۔ اس کے بعد وہ مبینہ طور پر دلہن اور شادی میں ملنے والے نقد رقم اور زیورات سمیت فرار ہوجاتے تھے۔

80 ہزار روپے اور زیورات لے کر فرار

پولیس کے مطابق معاملہ اس وقت سامنے آیا جب رام ولاش نامی شخص نے شکایت درج کرائی کہ اس کے بیٹے راجکمار کے لیے واٹس ایپ پر ایک لڑکی کی تصویر بھیجی گئی تھی۔ رشتہ طے ہونے کے بعد انہیں بندھوا مہادیو مندر بلایا گیا، جہاں شادی کی رسومات مکمل ہوئیں۔ شادی کے موقع پر دلہن کو 80 ہزار روپے نقد اور زیورات دیے گئے۔

تاہم واپسی کے دوران مبینہ طور پر لڑکی کے جعلی والد اور بھائی نے راستے میں گاڑی روکی، دلہن کو اپنے ساتھ اتارا اور نقد رقم و زیورات لے کر فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:عمر 95 سال، جذبہ جوان، خاتون نے ٹریک پر سب کو حیران کردیا

7 ملزمان گرفتار

شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے تمام 7 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 19 ہزار 650 روپے نقد، سونے اور چاندی کے زیورات، شادی میں استعمال ہونے والا سامان اور واردات میں استعمال ہونے والی 2 موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔

تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ گروہ میں شامل ایک خاتون دلہن کا کردار ادا کرتی تھی، جبکہ دوسری خود کو اس کی ماں ظاہر کرکے لڑکے والوں کا اعتماد حاصل کرتی تھی۔

گروہ کے دیگر ارکان فرضی والد، بھائی اور دوسرے رشتے دار بن کر واردات کو مکمل کرتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور گروہ کی دیگر وارداتوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

editor

Related Articles