خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں نافذ ایمرجنسی کے تناظر میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ویسٹ پاکستان مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3 کے تحت اختیارات تفویض کردیے ہیں۔
محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے 26 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے مذکورہ آرڈیننس کی دفعہ 3 کی ذیلی دفعات (1) اور (2) کے تحت حاصل اختیارات ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کیے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی جانب سے آرڈیننس کے تحت کوئی معاملہ یا مقدمہ موصول ہونے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر فوری کارروائی کرنے کا پابند ہوگا۔ ڈپٹی کمشنرز کو اس آرڈیننس کے تحت حکومت کے ملازمین بھی قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور اسکول سانحہ: ڈپٹی کمشنر نے حادثے کی وجوہات اور غفلت کے تعین کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کردی
نوٹیفکیشن کے مطابق صدر پاکستان نے 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکلز 332 اور 234 کے تحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی حکومت کے تمام یا بعض امور انجام دینے کی ہدایت کی تھی۔
حکم نامے کی نقول متعلقہ انتظامی محکموں، صوبائی پولیس سربراہ، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی پولیس افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کردی گئی ہیں۔
