پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے نادرا کے ساتھ معاہدے میں توسیع کی منظوری

پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے نادرا کے ساتھ معاہدے میں توسیع کی منظوری

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد کے مختلف ترقیاتی سیکٹرز میں متاثرین کو پلاٹوں کی تقسیم کے عمل کو مزید شفاف اور منظم بنانے کے لیے نادرا کے ساتھ جاری تعاون میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

یہ فیصلہ سی ڈی اے بورڈ کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا، جہاں ممبر اسٹیٹ کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات پر غور کے بعد توسیعی معاہدے کی منظوری دی گئی، اس اقدام کے تحت دونوں اداروں کے درمیان 2016 میں طے پانے والے بنیادی معاہدے میں ایک نیا ضمیمہ شامل کیا جائے گا۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق پلاٹوں کی تقسیم کا عمل جدید خودکار برقی قرعہ اندازی نظام کے ذریعے انجام دیا جائے گا، اس نظام کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں انسانی مداخلت نہ ہونے کے برابر رہتی ہے، جس سے جانبداری اور بے ضابطگیوں کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :پلاٹ خریدنے اور بیچنے والوں کیلئے خوشخبری، وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ آگیا

یہ سہولت بالخصوص ڈی-13، ای-13، ایف-13، سی-14 اور سی-15 سمیت دیگر متاثرہ سیکٹرز کے الاٹیز کے لیے استعمال کی جائے گی تاکہ انہیں منصفانہ بنیادوں پر پلاٹ فراہم کیے جا سکیں۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ نادرا کا تیار کردہ سافٹ ویئر تمام مراحل اور نتائج کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس وجہ سے اگر مستقبل میں کسی قسم کا تنازع یا اعتراض سامنے آئے تو تمام تفصیلات بطور ثبوت دستیاب ہوں گی۔

بورڈ نے اس امر پر بھی زور دیا کہ قرعہ اندازی کے نظام کی شفافیت، رازداری اور تکنیکی سالمیت ہر صورت برقرار رکھی جائے،حکام کا کہنا تھا کہ جدید نظام نہ صرف اعتماد میں اضافہ کرے گا بلکہ زیر التوا مقدمات اور الاٹمنٹ کے معاملات کو تیزی سے نمٹانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

اجلاس میں متعلقہ آئی ٹی افسران کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے اور معاہدے سے متعلق دستاویزات پر دستخط کرنے کے اختیارات بھی تفویض کر دیے گئے، سی ڈی اے کا مؤقف ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پلاٹوں کی تقسیم کا عمل مزید مؤثر، شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے گا۔

editor

Related Articles