وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے 29 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 85 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 376 روپے 06 پیسے سے بڑھا کر 377 روپے 91 پیسے مقرر کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 398 روپے 07 پیسے سے بڑھا کر 399 روپے 82 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 29 اکتوبر 2026 تک کے لیے رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 30 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 26 مرتبہ کمی اور 43 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 27 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول 3 روپے 19 پیسے فی لیٹر سستا کردیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 376 روپے 06 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 398 روپے 07 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔
اس سے ایک روز قبل، 26 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 54 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 379 روپے 25 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 395 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
اس سے قبل 16 اکتوبر کو حکومت نے 17 سے 19 اکتوبر تک کے لیے پیٹرول کی قیمت 377 روپے 71 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 393 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔