وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے گیس صارفین کو بڑی خوشخبری سنادی

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم  نے گیس صارفین کو بڑی خوشخبری سنادی

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت جلد گیس صارفین کے لیے خوشخبری کا اعلان کر سکتی ہے جس کے تحت مقامی سطح پر پیدا ہونے والی سستی گیس کی بنیاد پر نرخوں میں کمی یا نئی قیمتوں کا تعین کیا جا سکتا ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ حالیہ عالمی حالات اور خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی سپلائی میں وقتی مشکلات آئیں، جس کے بعد بجلی کے شعبے میں مقامی گیس کے استعمال کو بڑھایا گیا تاکہ توانائی کا نظام بلا تعطل چلتا رہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی گیس کی قیمت تقریباً 2 ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے جبکہ درآمدی ایل این جی کی لاگت ساڑھے تین ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ جاتی ہے، جس کے باعث حکومت کے لیے نسبتاً سستی گیس استعمال کرنے کا موقع پیدا ہوا۔

علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ مقامی گیس کی نئی قیمتوں اور پالیسی کے حوالے سے ایک سمری وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی، اور کابینہ کی منظوری کے بعد اس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے درست سفری دستاویزات رکھنے والے مسافر کو آف لوڈ کرنا غیرقانونی قراردیدیا

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ مشکل حالات کے دوران ملک کی گیس ضروریات پوری کرنے کے لیے مقامی پیداوار میں اضافہ کیا گیا، اور روزانہ تقریباً 40 کروڑ مکعب فٹ اضافی گیس سسٹم میں شامل کی گئی، جس سے توانائی کا نظام بہتر انداز میں چلتا رہا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت گیس کے شعبے میں موجود گردشی قرضے کے مسئلے پر بھی کام کر رہی ہے اور اس کے حل کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں تاکہ توانائی کے شعبے کو مالی طور پر مستحکم بنایا جا سکے۔

Related Articles