ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں کی شرکت نے پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کو نمایاں کردیا۔
عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت 102 ممالک کے رہنما ترکیہ میں جمع ہوئے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہباز شریف کا اجلاس میں خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس سے خطاب میں موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون، مشترکہ ذمہ داریوں اور عملی اقدامات کی ضرورت پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کو درپیش مسائل، ماحولیاتی تحفظ، قدرتی آفات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی معاونت جیسے اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔ وہ اپنے خطاب میں ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی اقدامات کے ماحولیاتی اثرات اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل پر اپنا مؤقف پیش کریں گے۔
دوسری جانب امریکا مسلسل دوسرے سال اس عالمی موسمیاتی کانفرنس میں شریک نہیں ہوا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے امید ظاہر کی ہے کہ کوپ 31 موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عالمی جدوجہد میں ایک اہم موڑ ثابت ہوگی۔
کانفرنس میں عالمی رہنماؤں کی شرکت ایسے وقت میں ہورہی ہے جب موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی اور دیگر قدرتی آفات دنیا کے مختلف خطوں کے لیے سنگین چیلنج بنتی جارہی ہیں۔ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور عالمی سطح پر موسمیاتی انصاف اور متاثرہ ممالک کی معاونت کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔
