ثمر ہارون بلور نے کوہاٹ کے علاقے دربوکچ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ کوہاٹ کے تھانہ گمبٹ کی حدود میں واقع علاقے دربوکچ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف پولیس کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ صوبے میں امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ایسے عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔
ثمر ہارون بلور نے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی امن کے قیام کے لیے دی گئی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
