افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے ناقابلِ تردید شواہد دنیا کے سامنے آگئے: گرفتار سابق افغان فوجی حکمت اللہ نے کابل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا
Home - آزاد انتخاب - افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے ناقابلِ تردید شواہد دنیا کے سامنے آگئے: گرفتار سابق افغان فوجی حکمت اللہ نے کابل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا
افغانستان کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کی سہولت کاری اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیے جانے کے حوالے سے اہم شواہد سامنے آگئے۔ ایڈیشنل آئی جی علاقائی ترقیاتی کونسل عباس احسن اور ترجمان علاقائی ترقیاتی کونسل محمود جان بابر نے پریس کانفرنس میں گرفتار خارجی اور سابق افغان فوجی حکمت اللہ کا ویڈیو بیان پیش کیا، جس میں اس نے افغانستان میں عسکری و کمانڈو تربیت حاصل کرنے، خودکش بمبار تیار کرنے اور پاکستان میں دہشتگرد کارروائی کے لیے آنے سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
پریس کانفرنس میں گرفتار خارجی حکمت اللہ کے ویڈیو بیان کے ذریعے افغانستان میں موجود دہشتگرد نیٹ ورکس اور پاکستان میں کارروائیوں کے لیے ہونے والی مبینہ تیاریوں سے متعلق تفصیلات سامنے لائی گئیں۔ حکمت اللہ نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے افغان حکومت میں عسکری اور کمانڈو تربیت حاصل کرنے کے بعد خارجی عناصر کے ساتھ وابستگی اختیار کرلی تھی اور بعد ازاں پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے لیے آنے والی تشکیل کا حصہ بن گیا۔
گرفتار خارجی کے مطابق افغانستان میں خالد بن ولید مدرسے میں اکرمہ نامی ایک شاگرد کو خودکش بمبار کے طور پر تیار کیا گیا۔ اس نے بتایا کہ افغان خارجی مفتی مزمل نے ایک تشکیل تیار کی تھی، جس میں وہ بھی شامل ہوگیا اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان آیا۔ اس انکشاف نے افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی مبینہ تنظیم سازی، تربیت اور پاکستان میں کارروائیوں کے لیے افراد کی تیاری کے حوالے سے اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
حکمت اللہ نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید بتایا کہ پاکستان میں داخل ہونے کے بعد ان کا گروپ آدم خیل چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کے لیے گیا تھا، تاہم وہاں کارروائی کے دوران ان کی نفری منتشر ہوگئی، ساتھی ایک دوسرے سے بچھڑ گئے جبکہ وہ خود قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آگیا۔
گرفتار خارجی نے پاکستان میں گرفتاری کے بعد اپنے ساتھ کیے جانے والے سلوک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت نے اسے کھانا کھلایا اور چائے پلائی۔ اس نے اپنے سابقہ نظریے پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ جس عمل کو وہ جہاد فی سبیل اللہ سمجھتا تھا، حقیقت میں وہ اس کی خام خیالی تھی۔
حکمت اللہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان ایک مسلمان ملک ہے اور کسی افغان شہری کو یہاں آکر نام نہاد یا جعلی جہاد کے نام پر دہشتگردی کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ اس نے اپنے سابقہ طرزِ عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دوبارہ افغانستان گیا تو وہاں موجود متعلقہ عناصر کو اس کے بیان اور گرفتاری کے بارے میں معلوم ہونے پر اسے قتل بھی کیا جا سکتا ہے۔
گرفتار خارجی نے پاکستانی حکومت سے اپیل کی کہ اسے افغانستان واپس بھیجنے کے بجائے پاکستان میں رہنے کی اجازت دی جائے اور کسی کام پر لگایا جائے تاکہ وہ یہاں محنت کرکے اپنی زندگی گزار سکے۔
پریس کانفرنس میں سامنے آنے والا یہ اعترافی بیان افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر کی سرگرمیوں، مبینہ تربیتی مراکز، خودکش حملوں کے لیے افراد کی تیاری اور پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے لیے تشکیلوں کی آمد کے حوالے سے اہم معلومات پر مشتمل ہے۔ گرفتار سابق افغان فوجی کے بیان نے پاکستان کے اس مؤقف کو مزید تقویت دی ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری کا سلسلہ روکنا خطے کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے