انتشار اور پرتشدد سیاست کی ایک اور ماسٹر مائنڈ قانون کے شکنجے میں آگئی ، پی ٹی آئی رہنما فاطمہ حیدر لاہور سے گرفتار

انتشار اور پرتشدد سیاست کی ایک اور ماسٹر مائنڈ قانون کے شکنجے میں آگئی ، پی ٹی آئی رہنما فاطمہ حیدر لاہور سے گرفتار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتشار پسند ٹولے اور ریاست کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث کرداروں کے گرد قانون کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے اور ایک کے بعد ایک مرکزی مہرہ قانون کے فولادی شکنجے میں آ رہا ہے۔ اسی سلسلے میں اسلام آباد کی جانب پیش قدمی اور پولیس پر حملوں کے لیے مشتعل جتھہ تیار کرنے کی منصوبہ بندی میں ملوث پی ٹی آئی کی اہم خاتون رہنما فاطمہ حیدر کو بھی لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

لاہور پولیس کے ذرائع کے مطابق، فاطمہ حیدر کو کوئنز روڈ لاہور کے قریب سے ایک ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ملزمہ کے خلاف لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں بغاوت سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ تفتیشی حکام نے فاطمہ حیدر کو اس مبینہ پرتشدد منصوبہ بندی کا مرکزی کردار اور ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے پُرامن احتجاج کی آڑ میں دراصل ایک خونی اور پرتشدد جتھہ تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ اس سازش کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب فاطمہ حیدر کی ایک مبینہ آڈیو لیک منظرِ عام پر آئی، جس میں وہ اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کے دوران پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں اور پرتشدد کارروائیوں کے لیے مشتعل افراد کو اکٹھا کرنے اور جتھہ تیار کرنے سے متعلق واضح ہدایات اور گفتگو کرتی سنائی دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:توانائی کے بحران پر قابو پانے کا تاریخی سنگ میل، خیرپور میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت، معاشی استحکام کا نیا باب کھل گیا

سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق یہ واقعہ اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست کا محور محض جلاؤ گھیراؤ، ریاستی اداروں سے تصادم اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا رہ گیا ہے۔ ایک طرف پارٹی قیادت مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر خود کو پُرامن ظاہر کرنے کی کوشش کرتی ہے، تو دوسری جانب پسِ پردہ ایسے ماسٹر مائنڈز کے ذریعے پولیس اہلکاروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے اور دارالحکومت کو مفلوج کرنے کے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ  آڈیو کے فرانزک اور دیگر شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ گرفتار ملزمہ فاطمہ حیدر سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس بغاوت اور پرتشدد منصوبے میں ملوث دیگر سہولت کاروں، فنڈنگ کرنے والوں اور پسِ پردہ بیٹھے اصل کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور ریاست کے خلاف جتھے تیار کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles