مودی سرکار اور گودی میڈیا کی ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے واقعے کو بھارت کی اندرونی سیاسی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بدھ 11 نومبر کو ضلع کلگام کے علاقے اکھرن، میر بازار کے قریب سی آر پی ایف کی چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی نے بھی تین سی آر پی ایف اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے حملہ آوروں کو نامعلوم قرار دیا۔ دوسری جانب بھارتی صحافی سدھانت سبل نے ضلع کلگام کے علاقے نوپورہ میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر فائرنگ کی اطلاع دیتے ہوئے مزید تفصیلات کا انتظار کرنے کا کہا۔
تاہم واقعے کے فوری بعد بعض بھارتی صحافیوں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے تحقیقات کے نتائج سامنے آنے سے پہلے ہی پاکستان پر الزامات عائد کرنا شروع کردیے۔
بھارتی صحافی آدتیہ راج کول نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں دعویٰ کیا کہ حملے کے پیچھے پاکستانی دہشت گرد اور مقامی معاونین ملوث ہیں، جبکہ بابا بنارس نامی ایکس اکاؤنٹ نے اسے آپریشن سندور کے بعد پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والا پہلا حملہ قرار دیتے ہوئے سخت جوابی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے واقعے کے وقت اور بھارتی سیاسی صورتحال کے تناظر میں سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ اس نوعیت کے واقعات کو اپوزیشن جماعت کانگریس کے احتجاج اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبات سے توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کی دستیاب رپورٹس میں حملہ آوروں کی شناخت کی تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق بھی کوئی مصدقہ ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ اس کے باوجود بعض بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے واقعے کو پاکستان سے منسوب کرنے اور جوابی کارروائی کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔
