قوم کیلئے بڑی خوشخبری،24 سال بعد پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی واپسی

قوم کیلئے بڑی خوشخبری،24 سال بعد پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی واپسی

پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی طویل عرصے بعد واپسی کی باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے جس کے تحت جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم جولائی میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ یہ پیش رفت ملک میں 24 سال بعد سینئر انٹرنیشنل ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے حکام کے مطابق جنوبی کورین ہاکی فیڈریشن نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ہاکی میچز جولائی میں اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا حتمی شیڈول آئندہ دو سے تین روز میں طے کیے جانے کا امکان ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر محمد وانی کے مطابق یہ دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس سے ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کیلئےبڑی خوشخبری، فی یونٹ بڑی کمی کر دی گئی،نوٹفکیشن جاری

ان کا کہنا تھا کہ طویل وقفے کے بعد کسی سینئر قومی ٹیم کا پاکستان آنا ایک مثبت پیش رفت ہے جس سے نہ صرف ملکی ہاکی کو تقویت ملے گی بلکہ بین الاقوامی ٹیموں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2024 میں جرمنی کی جونیئر ٹیم سمیت ہالینڈ اور جرمن ہاکی کلبز پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں تاہم کسی بھی سینئر قومی ٹیم کا یہ پہلا باقاعدہ دورہ پاکستان ہوگا۔

 انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی سے پاکستان میں کھیلوں کے ماحول میں بہتری آئے گی اور نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع میسر آئیں گے۔ پی ایچ ایف حکام کو امید ہے کہ اس سیریز کے بعد مزید بین الاقوامی ٹیمیں بھی پاکستان کا رخ کریں گی۔

editor

Related Articles