تکیے جتنی چوڑی گاڑی، ایک چارج میں 25 کلومیٹر کا سفر

تکیے جتنی چوڑی گاڑی، ایک چارج میں 25 کلومیٹر کا سفر

گاڑیاں تو آپ نے بے شمار دیکھی ہوں گی، لیکن کیا کبھی ایسی گاڑی دیکھی ہے جسے دیکھ کر پہلی نظر میں یقین ہی نہ آئے کہ یہ واقعی گاڑی ہے؟

اٹلی کے ایک مکینک نے ایسی ہی منفرد الیکٹرک گاڑی تیار کی ہے، جسے 2027 کی گنیز ورلڈ ریکارڈز کی کتاب میں دنیا کی سب سے پتلی گاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

نیلے رنگ کی اس عجیب و غریب گاڑی کی چوڑائی صرف 50 سینٹی میٹر ہے، جو تقریباً ایک تکیے کے برابر بنتی ہے۔ اس میں ڈرائیور کے ساتھ ایک مسافر بھی بیٹھ سکتا ہے، تاہم اس کے لیے تھوڑی ہمت ضرور درکار ہوگی۔ گاڑی کے اگلے حصے میں صرف ایک ہیڈ لیمپ نصب ہے، جبکہ اس کی مجموعی ساخت دیکھنے میں روایتی گاڑی کے بجائے ایک چھوٹی کشتی جیسی محسوس ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا گھومنے کا شوق جنون بن گیا،چینی شہری کی دنیا گھومنے کی حیران کن کہانی

اٹلی سے تعلق رکھنے والے مکینک اینڈریا مرازی نے یہ منفرد گاڑی 2025 میں ایک فیسٹیول کے لیے تیار کی تھی۔ اسے بنانے کے لیے انہوں نے 1993 کی ایک گاڑی کے پرزوں اور مواد کو استعمال کیا۔

صرف 145 سینٹی میٹر لمبی اس گاڑی کا وزن 264 کلوگرام ہے اور یہ مکمل طور پر الیکٹرک ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جبکہ ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے کے بعد یہ تقریباً 25 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔

گاڑی کی غیر معمولی ساخت دیکھ کر اکثر لوگوں کے ذہن میں یہ سوال آتا ہے کہ تیز ہوا چلنے کی صورت میں کہیں یہ الٹ تو نہیں جائے گی؟ اینڈریا مرازی کے مطابق بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ تیز ہوا اس گاڑی کو آسانی سے گرا سکتی ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔

اپنی غیر معمولی جسامت اور ڈیزائن کی وجہ سے یہ گاڑی سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے اور اسے دیکھنے والے اکثر یہی سوال کرتے ہیں کہ آخر اتنی پتلی گاڑی سڑک پر چل کیسے سکتی ہے۔

editor

Related Articles