گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک نے میدان مار لیا۔ فارم 45 کے مطابق 332 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج میں راشد بشیر ورک نے 43 ہزار 241 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار محمد ابراہیم گجر 30 ہزار 80 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اس طرح مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک نے اپنے حریف پر 13 ہزار 161 ووٹوں کی واضح برتری حاصل کی۔
حلقے میں مجموعی طور پر 333 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جن میں سے 332 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 کے نتائج سامنے آئے ہیں۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایک پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ باقی ہونے کے باوجود راشد بشیر ورک کو اپنے مدمقابل پر نمایاں برتری حاصل ہے۔ حلقے کے حتمی نتائج الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔