ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کل اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے زونل کمیٹیوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی اجلاس میں چاند کی رویت سے متعلق سائنسی اور فلکیاتی معلومات فراہم کریں گے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی چاند نظر آنے یا نہ آنے کی شہادتوں کا جائزہ لے گی، جس کے بعد ربیع الاول کے چاند کی حتمی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔ اسلام آباد کے علاوہ مختلف شہروں میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت منعقد ہوں گے۔
دوسری جانب سپارکو کے ترجمان کے مطابق فلکیاتی پیرامیٹرز کی بنیاد پر 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔ ترجمان کے مطابق ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند 14 اگست کو نظر آنے کا امکان ہے۔
فلکیاتی حسابات کے مطابق یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ جبکہ 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم ربیع الاول کے آغاز کی حتمی تاریخ کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی موصول ہونے والی شہادتوں اور متعلقہ اداروں کی معلومات کا جائزہ لینے کے بعد کرے گی۔