گرمی اور حبس برقرار ، آئندہ 24 گھنٹوں میں کہاں کہاں بادل برسنے کو تیار

گرمی اور حبس برقرار ، آئندہ 24 گھنٹوں میں کہاں کہاں بادل برسنے کو تیار

ملک بھر میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی موسم گرم اور شدید مرطوب رہے گا، تاہم بعض علاقوں میں بادل چھانے اور بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرمی اور حبس برقرار رہے گی، البتہ راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور اوکاڑہ میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم دیر، چترال، سوات، کالام، مالم جبہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پاراچنار، بنیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں موسم زیادہ تر گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ وسطی اور بالائی اضلاع میں دن کے وقت شدید گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ملک میں گرمی برقرار، کن علاقوں میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

دوسری جانب تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر، جیکب آباد، کراچی اور ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی اور حبس برقرار رہے گی، تاہم خضدار، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بھی کشمیر میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان برقرار رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

editor

Related Articles