فٹبال ورلڈکپ کے تیسری پوزیشن کے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
میامی میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے اس دلچسپ مقابلے میں انگلش ٹیم کپتان ہیری کین سمیت 7 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔ میچ کے آغاز سے ہی انگلینڈ نے جارحانہ انداز اپنایا اور تیسرے ہی منٹ میں ڈیکلن رائس نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
گول کھانے کے بعد فرانس نے واپسی کی کوشش کی، تاہم انگلش گول کیپر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانسیسی حملوں کو ناکام بنایا،انگلینڈ نے سبقت حاصل کرنے کے بعد دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے کے بجائے مسلسل حملے جاری رکھے، جس کا فائدہ اسے پہلے ہاف میں مزید تین گولز کی صورت میں ملا۔ کونسا نے 18ویں منٹ، جبکہ ساکا نے 37ویں منٹ اور انجری ٹائم میں گول کرکے اسکور 4-0 کر دیا۔
دوسرے ہاف میں فرانس نے شاندار واپسی کی کوشش کی۔ ایم باپے نے گول کرکے فرانس کا کھاتہ کھولا، جس کے بعد بارکولا اور پھر ایم باپے نے مزید گول کرکے مقابلہ دلچسپ بنا دیا۔
انگلینڈ کو ملنے والی پنالٹی پر ساکا نے گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کا اسکور 5 گول تک پہنچا دیا۔ فرانس کی جانب سے دیمبیلے نے چوتھا گول کیا، تاہم آخری لمحات میں بیلہنگم نے انگلینڈ کے لیے چھٹا گول کرکے فتح یقینی بنا دی۔
اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے نہ صرف تیسری پوزیشن حاصل کی بلکہ ورلڈکپ کی تاریخ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں سب سے زیادہ گولز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔