ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا قومی اتحاد اور دانشمندی پر مبنی پیغام ایران کے قومی مفادات کے تحفظ، عزت اور وقار کے لیے انتہائی اہم سرمایہ ہے۔
اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ موجودہ تاریخی مرحلے میں قومی اتحاد کے تقاضوں پر عمل کرنا اور اختلافات و تقسیم سے بچنا کامیابی کے حصول کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
ایرانی صدر نے زور دیا کہ ملک میں قومی یکجہتی برقرار رکھتے ہوئے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ ایران کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام اداروں، حکام اور عوام کو باہمی تعاون اور اتحاد کے اصول کو ترجیح دینی چاہیے،واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی قوم کے نام اپنے پیغام میں امریکا پر مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر کے دستخط کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایرانی عوام نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرکے قومی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جبکہ شہدا کی تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت نے نئی تاریخ رقم کی۔
قبل ازیں ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکی صدر کے دستخط بے وقعت اور بے معنی ہیں۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنےبیان میں کہا کہ امریکا نے ایک بار پھر دنیا کے سامنے اپنا حقیقی چہرہ ظاہر کر دیا ہے،انہوں نے الزام عائد کیا کہ جرائم اور وعدہ خلافیوں کا یہ سلسلہ امریکا کی مبینہ بے ایمانی، غیر معقول رویے، ناقابلِ اعتماد ہونے اور بدنیتی کا ایک اور ثبوت ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ جبر، آمرانہ طرز عمل اور ظلم امریکی نظریے اور پالیسی کا حصہ ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے صدور کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت سے متعلق معاہدے کی خلاف ورزیوں نے ایک بنیادی حقیقت واضح کر دی ہے کہ امریکی صدر کے دستخط قابلِ اعتبار نہیں رہے۔