پیٹرول پمپس کی بندش سے متعلق پاکستان بزنس فورم کا مطالبہ بھی سامنے آگیا

پیٹرول پمپس کی بندش سے متعلق پاکستان بزنس فورم کا مطالبہ بھی سامنے آگیا

 پاکستان بزنس فورم (پی بی ایف) نے پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسوسی ایشن سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ فورم کا کہنا ہے کہ موجودہ غیر معمولی معاشی حالات میں ہڑتال کا کوئی بھی اقدام عوام، کاروباری سرگرمیوں اور ملکی معیشت کے مفادات کے خلاف ہوگا۔

پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر احمد جواد نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول پمپ ڈیلرز کے مطالبات اور ہڑتال کی حکمت عملی موجودہ حالات میں مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن یکطرفہ طور پر ہڑتال کا فیصلہ مسلط نہیں کر سکتی، کیونکہ اس سے نہ صرف عوام کو مشکلات کا سامنا ہوگا بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں ڈیلرز کی جانب سے مارجن میں اضافے کا مطالبہ بھی قابلِ جواز نہیں، کیونکہ ان کے بقول اس وقت پیٹرول پمپ ڈیلرز کو فی لیٹر تقریباً 8 روپے کا مارجن حاصل ہو رہا ہے، جو مناسب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر اور پیٹرول پمپس اونرز کے درمیان مذاکرات، بڑی خبر آگئی

احمد جواد نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی تجویز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر قیمتیں روزانہ تبدیل کی جائیں گی تو کاروباری برادری اور عام صارفین کے لیے مالی منصوبہ بندی انتہائی مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسی پالیسی کے تحت ملکی معاشی نظام کس طرح مؤثر انداز میں چل سکے گا۔

پاکستان بزنس فورم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین کرنے کی تجویز فوری طور پر واپس لی جائے۔ فورم نے یہ بھی تجویز دی کہ عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی کو کم از کم ایک ماہ کے لیے مؤخر کیا جائے تاکہ معاشی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

Related Articles