پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے، جس کے بعد ایسوسی ایشن نے آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے اور ہڑتال کرنے کے اپنے اعلان پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر نعمان بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں، جس کے باعث ہڑتال کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج رات 12 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کر دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کے باعث پیٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب مذاکرات کی ناکامی کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں میں بھی ممکنہ قلت کے پیش نظر تشویش پائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن نے قبل ازیں حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجاً ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا، تاہم حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے باعث ہڑتال کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔