حکومت سے مذاکرات کے بعد پٹرول پمپ مالکان کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان

حکومت سے مذاکرات کے بعد پٹرول پمپ مالکان کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان

 آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی جانب سے مطالبات کے حل کی یقین دہانی کے بعد ملک گیر ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد آج رات سے پیٹرول پمپس بند کرنے کی کال واپس لے لی گئی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات ندیم خان نے کہا کہ حکومت نے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن کا معاملہ حل کر لیا جائے گا۔

اس موقع پر پیٹرولیم ڈیلرز کے رکن راجا وسیم نے کہا کہ حکومت نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین صرف 15 روز کے لیے آزمائشی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز شدید مشکلات کے باعث احتجاج جیسے سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے، تاہم حکومت اور وزیر پیٹرولیم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ان کے تحفظات سنے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت دو ہفتوں کے اندر ڈیلرز کے مسائل حل کر دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وزیر پیٹرولیم کی ہنگامی پریس کانفرنس، بڑا اعلان کردیا

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن کے مسئلے کے حل کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کو سمری بھیجی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کے چیئرمین اور وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے معاملہ جلد حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی اور مثبت پیش رفت سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر دو ہفتوں کے اندر معاملے میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہوئی تو حکومت اور ڈیلرز دوبارہ مذاکرات کریں گے تاکہ قابل قبول حل نکالا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو مجبوری کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ عالمی اور علاقائی حالات کے باعث تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ آ رہا ہے۔ ان کے مطابق اوگرا کو اسی تناظر میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل کرنا پڑ رہا ہے، تاہم حکومت اس مشکل صورتحال سے شفاف اور منصفانہ انداز میں نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر اور پیٹرول پمپس اونرز کے درمیان مذاکرات، بڑی خبر آگئی

وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور وزیراعظم بھی مہنگائی کے اثرات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ان کے مطابق مستحق افراد کے لیے ٹارگیٹڈ سبسڈی پروگرام تیار کیا جا چکا ہے اور حکومت اپنے وسائل کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

Related Articles