چینی ٹیکنالوجی کمپنی آنر نے ورلڈ اے آئی کانفرنس 2026 میں دنیا کا پہلا ’روبوٹ فون‘ متعارف کرا دیا، جس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید روبوٹک کیمرہ سسٹم شامل کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فون کے کیمرے کے ساتھ خودکار حرکت کرنے والا گمبل سسٹم نصب ہے، جو آواز اور اشاروں کی مدد سے صارف یا سبجیکٹ کو خودکار طور پر ٹریک کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کرتا ہے۔
کانفرنس کے دوران کمپنی نے فون کا عملی مظاہرہ بھی کیا، جس میں روبوٹ فون موسیقی کی دھن پر حرکت کرتا اور صارف کی آواز پر مختلف فیچرز انجام دیتا دکھائی دیا۔
آنر نے اعلان کیا ہے کہ چین میں اس منفرد اسمارٹ فون کی پری بکنگ شروع کر دی گئی ہے۔ صارفین آنر مال اور کمپنی کے مجاز آن لائن اسٹورز کے ذریعے 31 اگست تک ڈیوائس ریزرو کرا سکتے ہیں، جبکہ فون کی باقاعدہ فروخت آئندہ ماہ متوقع ہے۔
کمپنی کے مطابق پری بکنگ کرانے والے صارفین کو 3 ہزار 500 یوآن مالیت کے خصوصی تحائف دیے جائیں گے، جن میں لائف ٹائم اے آئی کی پریمیم ایس وی آئی پی 2 ممبرشپ ، 1سال کے دوران گمبل کی تین بار مفت تبدیلی، خصوصی گفٹ پیک، پانچ معیاری لوازمات، 24 ماہ تک بلاسود اقساط اور پرانا فون تبدیل کرنے کی سہولت شامل ہے۔
آنر کا کہنا ہے کہ روبوٹ فون میں کمپیکٹ 4 ڈگریز آف فریڈم گمبل سسٹم اور تھری ایکسس اسٹیبلائزیشن دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فوناے آئی آبجیکٹ ٹریکنگ، سپن شارٹ اے آئی، ہر زاویے سے اے آئی ویڈیو کالنگ اور گھومنے والے کیمرے جیسی جدید خصوصیات سے لیس ہے۔ روبوٹک کیمرہ سر ہلانے اور دیگر اشاروں کے ذریعے بھی ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فون میں 200 میگا پکسل مین کیمرہ، 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ اور 200 میگا پکسل پیری اسکوپ ٹیلی فوٹو لینس دیا گیا ہے۔ کمپنی نے اسے سلور وائٹ اور گریفائٹ بلیک رنگوں میں پیش کیا ہے۔