پاکستان میں گاڑی خریدنا ہر خاندان کے لیے ایک بڑا فیصلہ ہوتا ہے ایسے میں سب سے اہم سوال یہی ہوتا ہے کہ نئی گاڑی لی جائے یا استعمال شدہ؟ ہر انتخاب کے اپنے فائدے اور نقصانات ہیں، اس لیے فیصلہ صرف قیمت نہیں بلکہ ضرورت، بجٹ اور مستقبل کے اخراجات کو سامنے رکھ کر کرنا چاہیے۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی اور نئی گاڑیوں کی بلند قیمتوں کے باعث زیادہ تر خریدار اپنی جمع پونجی بچانے کے لیے استعمال شدہ گاڑیوں کا رخ کر رہے ہیں تاہم یہاں ایک نئی مشکل بھی سامنے آتی ہے۔ استعمال شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے تین سے پانچ سال پرانی ہیچ بیک اور سیڈان گاڑیاں بھی توقع سے کہیں زیادہ مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔
ایسی صورتحال میں ہر پاکستانی خریدار کے ذہن میں یہی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا نئی گاڑی خریدنا اب بھی دانشمندانہ فیصلہ ہے، یا پھر موجودہ حالات میں استعمال شدہ گاڑی ہی زیادہ مناسب اور معاشی انتخاب بن چکی ہے؟
نئی یا استعمال شدہ گاڑی؟ خریدار کیسے فیصلہ کرے
اگر آپ نئی اور استعمال شدہ گاڑی کے درمیان فیصلہ کرنے میں تذبذب کا شکار ہیں تو درج ذیل موازنہ آپ کے لیے فیصلہ آسان بنا سکتا ہے۔
اگر آپ بغیر کسی مرمت کی پریشانی کے نئی ٹیکنالوجی، کمپنی کی وارنٹی اور بہتر ایندھن بچت چاہتے ہیں تو نئی گاڑی مناسب انتخاب ہو سکتی ہے ، اگرچہ اس کی ابتدائی قیمت زیادہ ہوتی ہے، لیکن ابتدائی برسوں میں دیکھ بھال پر نسبتاً کم خرچ آتا ہے۔
محدود بجٹ رکھنے والوں کے لیے استعمال شدہ گاڑی اچھی ڈیل ثابت ہو سکتی ہے تاہم خریداری سے پہلے گاڑی کے تمام کاغذات، انجن اور چیسز نمبر، سروس ریکارڈ اور حادثے کی تاریخ کی اچھی طرح جانچ ضروری ہے تاکہ بعد میں کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
استعمال شدہ گاڑی کیوں بہتر انتخاب بن سکتی ہے؟
پاکستان میں نئی گاڑی خریدنے پر خریدار کو صرف گاڑی کی قیمت ہی نہیں بلکہ مختلف ٹیکسوں اور فیسوں کی مد میں بھی بڑی رقم ادا کرنا پڑتی ہے، نان فائلرز کے لیے ایڈوانس انکم ٹیکس، رجسٹریشن فیس، ودہولڈنگ ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں اضافے کے باعث نئی گاڑی کی مجموعی لاگت کافی بڑھ جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق نئی گاڑیوں کی فراہمی اب بھی مختلف مسائل کا شکار رہتی ہے، درآمدی پابندیاں، سپلائی میں رکاوٹیں، بکنگ کے بعد قیمت میں اچانک اضافہ اور گاڑی کی ڈلیوری میں کئی ہفتوں یا مہینوں کی تاخیر خریداروں کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہے۔
اس کے برعکس استعمال شدہ گاڑی خریدنے میں انتظار کی ضرورت نہیں ہوتی۔ خریدار گاڑی کا معائنہ کرتا ہے، قیمت طے ہونے کے بعد ادائیگی اور ملکیت کی منتقلی مکمل کرتا ہے اور اسی دن گاڑی اپنے ساتھ لے جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک بار قیمت طے ہونے کے بعد کمپنی کی جانب سے اچانک قیمت بڑھانے کا خدشہ بھی نہیں رہتا، جس سے خریداری کا عمل نسبتاً آسان اور یقینی بن جاتا ہے۔
خریداری سے پہلے یہ باتیں ضرور ذہن میں رکھیں
ماہرین کے مطابق موجودہ حالات میں پاکستان میں نئی گاڑی خریدنا ایک مہنگا فیصلہ بن چکا ہے، کیونکہ اس پر مختلف ٹیکسوں اور قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر پڑتا ہے۔ اگر گاڑی کئی سال تک اپنے استعمال میں رکھنی ہو یا کمپنی کی جانب سے خریدی جا رہی ہو تو نئی گاڑی مناسب انتخاب ہو سکتی ہے، تاہم عام خریدار کے لیے اچھی حالت میں موجود استعمال شدہ گاڑی زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
استعمال شدہ گاڑی خریدنے سے پہلے اس کا مکمل معائنہ کرانا ضروری ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ انجن، باڈی، سسپنشن، بریک، کاغذات اور سروس ریکارڈ کی جانچ کے بغیر خریدی گئی گاڑی بعد میں بڑے اخراجات کا سبب بن سکتی ہے، معمولی خرابی بھی آپ کی متوقع بچت کو ختم کر سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اچھی طرح سنبھالی گئی دو سے تین سال پرانی گاڑی اکثر اسی قیمت میں ملنے والی نئی انٹری لیول گاڑی سے زیادہ آرام دہ، محفوظ اور پائیدار ثابت ہوتی ہے۔ اس لیے صرف نئی ہونے کی بنیاد پر فیصلہ کرنے کے بجائے گاڑی کی مجموعی حالت، فیچرز اور معیار کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔
گاڑی کی قیمت دیکھنے کے ساتھ ساتھ خریداری کے بعد آنے والے اخراجات بھی ذہن میں رکھیں، جیسے نئے ٹائر، انجن آئل، دیگر فلوئیڈز، بریک پیڈز یا ضروری مرمت۔ کئی مرتبہ کم قیمت پر خریدی گئی استعمال شدہ گاڑی بعد میں زیادہ خرچ مانگتی ہے، اس لیے مکمل لاگت کا اندازہ لگانا ضروری ہے۔
حتمی فیصلہ ضرورت اور بجٹ کے مطابق کریں
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اچھی طرح جانچ پڑتال کے بعد استعمال شدہ گاڑی خریدی جائے تو موجودہ مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور قیمتوں میں اضافے کے دور میں یہ زیادہ دانشمندانہ انتخاب ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اگر آپ نئی گاڑی کی وارنٹی، جدید سہولیات اور بغیر استعمال گاڑی کو ترجیح دیتے ہیں تو اس کے لیے اضافی لاگت برداشت کرنے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔
پاکستان میں موجودہ معاشی حالات، بڑھتے ہوئے ٹیکسوں اور گاڑیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث نئی یا استعمال شدہ گاڑی کا انتخاب پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر خریدار اپنی ضرورت، بجٹ اور مستقبل کے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے اور استعمال شدہ گاڑی خریدنے سے پہلے اس کا مکمل معائنہ کرائے، تو وہ بہتر اور فائدہ مند سودا کر سکتا ہے بالآخر درست انتخاب وہی ہے جو آپ کی مالی استطاعت، استعمال کی ضرورت اور طویل مدتی سہولت کے مطابق ہو۔